نون لیگ کیساتھ جو کچھ ہوا، وہ انکی کوتاہیوں کا نتیجہ ہے: فاروق ستار

 Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) فاروق ستار کا کہنا ہے نون لیگ کیساتھ جو کچھ ہوا، وہ انکی کوتا ہیوں کا نتیجہ ہے، نواز شریف کو وطن واپس آکر گرفتاری دینی چاہیے، نیب قانون سے متعلق پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے کچھ نہ کیا، سیاست میں آنے کا یہ مطلب نہیں کہ پکڑ ہی نہ ہو۔

کراچی انسداد دہشتگردی کی عدالت کے باہر میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے ووٹرز کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کارکنوں کی گرفتاریوں اور چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا بتایا جائے یہ چھاپے اور گرفتاریاں کیوں کی جا رہی ہیں ؟ کارکنوں میں ڈر اور خوف کی فضا پیدا کر دی گئی جس پر تشویش ہے، مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو آدھے سے بھی کم گنا گیا۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ پورے ملک میں سرکاری تنصیبات پر بھی سیاسی جماعتوں کے بینرز لگے ہیں، بینرز لگنے نہ دینا ثابت کرتا ہے کہ کون منظور نظر ہے اور کون منظور نظر نہیں۔ انہوں نے کہا کارکنان اور ووٹر کھل کر انتخابی عمل میں حصہ نہیں لے سکتے۔