بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی صاحبزادی دینا واڈیا انتقال کر گئیں

Dina Wadia

Dina Wadia

لاہور (جیوڈیسک) خاندانی ذرائع نے محترمہ دینا واڈیا کی وفات کی تصدیق کر دی ہے۔ دینا واڈیا 15 اگست 1919ء کو قیام پاکستان سے 28 برس قبل لندن میں پیدا ہوئی تھیں۔ دینا محمد علی جناح اور رتن بائی کی واحد اولاد تھیں۔ محمد علی جناح کی اہلیہ اور دینا کی والدہ محترمہ رتن جناح 1929ء میں کینسر کے عارضے میں مبتلاء رہنے کے بعد انتقال کر گئی تھیں۔ ان کے شوہر نویلی واڈیا تھے۔ دینا واڈیا نے پسماندگان میں دو بچے ایک بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔

دینا نویلی واڈیا سے شادی کے بعد ممبئی میں مقیم ہو گئی تھیں اور قیام پاکستان کے بعد بھی پاکستان نہیں آئی تھیں۔ بعد ازاں وہ اپنے خاندان سمیت امریکہ منتقل ہو گئی تھیں اور ایک عرصے سے وہیں مقیم تھیں۔ تاہم، 11 ستمبر 1948ء کو اپنے والد کے انتقال کے موقع پر وہ کراچی پہنچی تھیں اور کچھ وقت اپنی پھوپھو محترمہ فاطمہ جناح کے ساتھ گزارنے کے بعد واپس لوٹ گئی تھیں۔ یاد رہے کہ ایک پارسی نوجوان سے پسند کی شادی کرنے کے بعد ان کے اپنے والد سے تعلقات ہمیشہ رسمی رہے۔

محترمہ دینا واڈیا دوسری اور آخری بار مارچ 2004ء میں پاکستان تشریف لائی تھیں جہاں انہوں نے اس وقت کے سربراہ صدر پرویز مشرف کے ہمراہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلا جا رہا کرکٹ میچ بھی دیکھا۔ میڈٰیا کی جانب سے ان کے اس دورے کو کرکٹ ڈپلومیسی قرار دیا گیا تاہم، انہوں نے اور ان کے ہمراہ آنے والے ان کے صاحبزادے نسلی واڈیا نے اس دورے کے دوران عوام اور میڈٰیا سے کسی بھی موضوع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرنے سے گریز کیا تھا۔

اپنے دورے کے دوران، محترمہ دینا واڈیا، ان کے صاحبزادے نسلی واڈیا، پوتوں نیس واڈیا اور جہانگیر واڈیا نے کراچی میں بانی پاکستان کے مزار پر بھی حاضری دی۔ مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے محترمہ دینا واڈیا نے لکھا، یہ میرے لئے نہایت افسردگی اور تحیّر کا موقع ہے، خدا کرے کہ انہوں نے پاکستان کیلئے جو خواب دیکھا تھا وہ پورا ہو جائے۔

کہتے ہیں کہ محترمہ دینا واڈیا نے مزار قائد سے ملحق نوادرات کے کمرے میں موجود 3 تصاویر کی نقول مانگی تھیں۔ ایک تصویر میں وہ اپنے والد اور پھوپھو کے ساتھ کھڑی ہیں۔ دوسرا ان کی والدہ رتن جناح کا پورٹریٹ تھا۔ تیسری تصویر میں محمد علی جناح ایک خط لکھوا رہے تھے، تصویر محمد علی جناح کے سیاسی مرتبے کو ظاہر کرتی ہے۔

اپنے دورے کے دوران وہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے مزار پر بھی گئیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وہ فلیگ سٹاف ہاؤس پاکستان بھی گئیں اور پاکستان کا پرچم لہرایا۔ دینا جناح نے اپنے دورہ کراچی کے دوران اپنے والد کی جائے پیدائش وزیر منشن کا بھی دورہ کیا تھا۔

اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند کرے اور ان کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے۔