عام انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہونے دیں گے: زرداری

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

لاہور (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری سے فافن کے وفد نے ملاقات کی اور انتخابی عمل اور ووٹر رجسٹریشن کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔

وفد سے گفتگو میں زرداری کا کہنا تھا کہ اس بار عام انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔ اب کوئی کیانی اور افتخار چودھری فارمولہ نہیں چلے گا۔ 2013ء کے انتخابات میں ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ دیئے گئے تھے، مجھے عدالت نے ایوانِ صدر سے نکلنے نہیں دیا، بلاول پڑھ رہے تھے اور یوسف رضا گیلانی کا بیٹا انتخابات سے چند روز قبل اغوا کر لیا گیا تھا۔

ہماری پوری قیادت کو دہشتگردوں کے ذریعے انتخابی مہم سے روکا گیا۔ سابق صدر نے کہا کہ تاہم اب حالات مختلف ہیں۔ ہم سب انتخابی میدان میں ہوں گے۔ چیئرمن بلاول، میں خود اور آصفہ انتخابی مہم چلائیں گے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے مینڈیٹ چوری کیا۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ نواز شریف ہر انتخاب میں دو تہائی اکثریت لے۔ فافن کی رپورٹس تشویشناک ہیں، اس پر ادارے توجہ دیں۔

ایک کروڑ بیس لاکھ خواتین ووٹرز کا اندراج نہ ہونا ناقابل قبول ہے۔ بلوچستان میں 30 فیصد خواتین ووٹر رجسٹرڈ نہ ہونا تشویشناک ہے۔ آصف زرداری نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ ادارے ایک ایک ووٹ کا اندراج یقینی بنائیں۔