گوجرہ: ٹرین کی کار کو ٹکر، 6 افراد جاں بحق

Toba Tek Singh

Toba Tek Singh

گوجرہ (جیوڈیسک) ریلوے کا کھلا پھاٹک مزید چھ جانیں لے گیا، گوجرہ میں شالیمار ایکسپریس کی زد میں گاڑی آ گئی، وزیر ریلوے نے اڑتالیس گھنٹے میں حادثے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل گوجرہ کے قریب کار کھلے پھاٹک سے گزرنے لگی کہ راولپنڈی سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کی زد میں آ گئی۔ ٹرین کی ٹکر نے گاڑی کا کچومر نکال ڈالا۔ ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد موقع پر پہنچے لیکن دیر ہو چکی تھی۔ حادثے میں چھ افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ ان میں خاتون اور بچہ بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق کھلا پھاٹک حادثے کی وجہ بنا ۔ جاں بحق افراد کا تعلق سرگودھا کے علاقے سلانوالی سے تھا اور وہ اپنے رشتے داروں سے ملنے گوجرہ جارہے تھے۔ وزیر ریلوے نے حادثے سے متعلق اڑتالیس گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اس سے پہلے بھی کھلے پھاٹک حادثات کا باعث بنتے رہے ہیں لیکن بیانات کے سوا کبھی کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے۔

دوسری طرف دنیا نیوز کے نمائندے کے مطابق جائے حادثہ پر پھاٹک موجود ہی نہیں تھا، اس بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس مقام پر ماضی میں بھی کئی بار حادثات رونما ہوچکے ہیں لیکن ریلوے انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ واقعے کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے ریلوے ٹریک بند کر کے نعرے بازی کی، ان کا کہنا تھا کہ جب تک وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اس جگہ پر پھاٹک نہیں لگواتے احتجاج جاری رہے گا اور ٹریک نہیں کھولا جائے گا۔