گوادر پورٹ اور اقتصادی راہداری منصوبہ ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا: آرمی چیف

Raheel Sharif

Raheel Sharif

پنجگور (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق تعمیر کی جانے والی سڑکیں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہیں۔ 870 میں سے 502 کلو میٹر طویل سڑکیں تعمیر کی جا چکی ہیں۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایف ڈبلیو او کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ اور اقتصادی راہداری منصوبہ ہر قیمت میں مکمل کیا جائیگا۔ گوادر پورٹ خطے میں اہم دفاعی بندرگاہ ہو گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ گوادر پورٹ کیخلاف دشمنوں کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں۔ خوبصورت خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے کیلئے مسلح افواج ہر قربانی کیلئے تیار ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ منصوبوں کی تعمیر کیلئے بلوچستان میں سیکورٹی اور پرامن ماحول ضروری تھا۔ آرمی چیف نے صوبے کی سیکورٹی صورتحال میں بہتری پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی امداد پر کام کرنے والے دہشتگردوں کیخلاف ایف سی اور پولیس کے کامیاب آپریشن قابل ستائش ہیں۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بلوچستان کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور منصوبوں کی تکمیل کیلئے بلوچستان کی عوام کی غیر مشروط حمایت کا شکریہ ادا کیا۔