ہارون بلور پر حملے میں طالبان نہیں ہمارے اپنے ملوث ہیں، غلام احمد بلور

پشاور (جیوڈیسک) اے این پی کے شہید رہنما ہارون بلور کے چچا غلام احمد بلور کا کہنا ہے کہ میرے بھتیجے کو طالبان نے نہیں بلکہ ہمارے اپنوں نے شہید کیا ہے جس کی معلومات حاصل کرلی ہیں۔

Ghulam Ahmad Bilour

Ghulam Ahmad Bilour

پشاور کے علاقے یکہ توت میں دھماکے میں شہید ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور کے چچا غلام احمد بلور نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان نے بیان دیا ہے کہ ہم نے ہارون بلور کو شہید کیا لیکن معاملہ اس کے برعکس ہے ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ ہارون بلور کے قتل میں طالبان نہیں ہمارے اپنے ملوث ہیں۔ غلام احمد بلور نے شعر سناتے ہوئے کہا کہ دیکھا جو تیر کھا کر کمین گاہ کی طرف اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہوگئی، ہمیں ایسی ملومات ملی ہیں کہ اس واقعہ میں اپنوں کا ہاتھ ہے۔

غلام بلور کا کہنا تھا کہ ہارون بلور کے قتل میں وہ لوگ ملوث ہیں جن کو اس واقعہ سے فائدہ پہنچا، سانحے سے طالبان کو تو کوئی فائدہ نہیں ہونا تھا، ہمارے مخالفین سمجھتے ہیں کہ ہم ڈر جائیں گے لیکن ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں اور ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی، دشمن ہمیں مارتے جائیں گے اور ہم لڑتے جائیں گے لیکن ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کے لئے میدان میں اتریں گے اور پی کے 78 میرے بیٹے شہید ہارون بلور کی نشست ہے وہاں ایسا امیدوار لائیں گے جو جیتے گا۔