ہلری کلنٹن نے صدارتی نامزدگی باضابطہ طور پر قبول کر لی

Hillary Clinton

Hillary Clinton

فلاڈیلفیا (جیوڈیسک) ہلری کلنٹن نے ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی قبول کرتے ہوئے امریکی قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

جمعرات کو دیر گئے پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں اپنی جماعت کے قومی کنونشن کے اختتام پر اپنے خطاب میں ہلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ “یہ ہم پر منحصر ہے۔ ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم مل کر کام کریں گے تاکہ ہم دوبارہ اکٹھے آگے بڑھ سکیں۔”

68 سالہ ہلری کلنٹن کسی بھی بڑی جماعت کی طرف سے منصب صدارت کے لیے نامزدگی حاصل کرنے والی پہلی امریکی خاتون ہیں۔ انھوں نے اپنے ورمونٹ سے سینیٹر برنی سینڈرز کو پرائمری اور کاکس کے ہونے والے انتخاب میں شکست دے کر یہ نامزدگی حاصل کی۔

سینڈرز بھی اس کنونشن میں اپنی تقریر کے دوران ان کی حمایت کر چکے ہیں لیکن ان کے بعض حامی گروپوں نے ہلری کلنٹن کی حمایت نہ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے جو کہ خاتون امیدوار کے لیے نومبر میں ہونے والے انتخاب میں ایک چیلنج ہو سکتا ہے۔

ہلری کلنٹن نے جمعرات کو اپنی تقریر میں سینڈر کی طرف سے ان کی حمایت کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کو ووٹ ڈالنے، اقتصادی ترقی اور سماجی انصاف پر آواز بلند کرنے کو اجاگر کیا۔

انھوں نے کہا کہ “میں آپ کو بتایا چاہتی ہوں کہ میں نے آپ کو سنا ہے، آپ کا مقصد ہمارا مقصد ہے۔”

نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں ان کا مقابلہ ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوگا۔