سرمایہ کاری کے لیے ملکی معیشت کی کشش بڑھ رہی ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

Tariq Bajwa

Tariq Bajwa

کراچی (جیوڈیسک) گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے کہا ہے کہ معاون اقتصادی پالیسیوں کے تسلسل کے ساتھ سرمایہ کاری کے لیے ملکی معیشت کی کشش بڑھ رہی ہے۔

اسٹیٹ بینک میں پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے گفتگو میں گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے کہا کہ مالی سال 17ء کی دوسری ششماہی کے دوران برآمدات میں بحالی کا جو عمل شروع ہوا تھا، رواں مالی سال میں اس کا تسلسل معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 6 مہینوں کے دوران برآمدات میں مثبت نمو ہوئی ہے، دراصل گذشتہ تین مہینوں کے دوران برآمدات میں 13.2 فیصد اضافہ ہوا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ برآمدات میں کمی بالآخر رک گئی ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 2 مہینوں کا ڈیٹا اہم بیرونی اظہاریوں، خاص طور پر ترسیلات زر، برآمدات اور بیرونی براہ راست سرمایہ کاری میں بحالی کو ظاہر کرتا ہے۔

طارق باجوہ نے کہا کہ امن و امان کی بہتر ہوتی صورت حال اور توانائی کی رسد میں بہتری کی بدولت مالی سال 17ء میں مسلسل تیسرے سال معیشت میں توسیع کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے، سازگار زری پالیسی نے نجی شعبے کے قرضوں کی طلب کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جب کہ مالی سال 17ء کے دوران نجی شعبے کے قرضوں میں مجموعی طور پر 747.9 ارب روپے کی توسیع ہوئی۔