اسرائیل کی دریائے اردن کے مغربی علاقے میں تعمیراتی سرگرمیاں غیر قانونی ہیں: امریکہ

America

America

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے دریائے اردن کے مغربی علاقے میں تعمیراتی سرگرمیاں غیر قانونی ہیں۔

واشنگٹن میں جان کربی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ اسرائیلی وزیر دفاع کے اس ہفتے یہو دی بستیوں کی تعمیر کے دوبارہ آغاز پر مبنی بیان سے امریکہ کو تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے مغربی دریائے اردن میں تعمیراتی سرگرمیاں غیر قانونی ہیں۔کربی نے کہا کہ اسرائیل کا یہ اقدام خطے کے مستقبل کیلئے خطرہ بنے گا اور بحالی امن کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچائے گا۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع یالون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت جلد ہی 4 ہیکٹر کے رقبے پر ایک سیاحتی مرکز تعمیر کرے گی۔

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج نے تازہ جنگی مشقیں شروع کر دیں اور اس دوران صہیونی فوجیوں نے سہل یعبد اور دیگر قصبوں میں گھس کر فلسطینیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فورسز نے بھاری توپخانے کا استعمال کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے دانستہ طورپر فلسطینیوں کے گھروں کے اندر بھی فائرنگ کی اور آنسوگیس کی شیلنگ کرکے مقامی آبادی کو خوف زدہ کیا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے سمندر میں مچھلیوں کا شکار کرنے والے ماہی گیروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد کشتیوں کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔