مسئلہ کشمیر پر بان کی مون کا بیان پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے: ملیحہ لودھی

Maliha Lodhi

Maliha Lodhi

نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر بان کی مون کا بیان پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے۔ بھارت اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مذاکرات شروع کرے۔ عالمی برادری مسئلہ کشمیر میں تشدد ختم کرنے اور مذاکرات اپنانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے مسئلہ کشمیر پر سیکریٹری جنرل بان کی مون کے بیان کو پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا بان کی مون نے وزیراعظم کے خط کے جواب میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تشدد کی مذمت کی اور وزیراعظم نوازشریف کے موقف کی مکمل حمایت کی۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان نے بھی ایک بار پھر کشمیر کے حل کیلئے پرامن مذاکرات کی پیشکش کی ، بھارت کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مذاکرات شروع کرے ۔ امریکا میں پاکستانی سفیر نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر میں تشدد ختم کرنے اور مذاکرات اپنانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کا خط کے جواب میں کہا تھا کہ علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں ۔ بھارت اور پاکستان مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔

دوسری طرف دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے کشمیر پر پاکستان کا موقف واضح کیا اور بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنے کا پیغام بھی دیا۔

ادھر سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھی اپنے بھارتی ہم منصب کے خط کا جواب دے دیا ہے ۔ خط میں بھارتی حکومت سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔