جموں کشمیر لبریشن فرنٹ گلگت بلتستان کی عبوری تنظیم سازی مکمل

JKLF

JKLF

گلگت (نمائندہ خصوصی) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ گلگت بلتستان کی عبوری تنظیم سازی مکمل۔سیف الدین بٹ کنوینر، مقبول احمد سیکریٹری منتخب۔ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی اور خطے کے عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔عوام کو صوبے کے غیر حقیقت پسندانہ نعروں کے پیچھے لگانے کے بجائے بنیادی حقوق کی بات کی جائے۔ریاست جموں کشمیر کے حصے بخرے کرنے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہونگی۔

تنظیم سازی اجلاس سے لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان، آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی،ضیاء الحق، عمران میر، توصیف جرال، سیف الدین بٹ اور دیگر کا خطاب۔ تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ گلگت بلتستان کا تنظیمی اجلاس گلگت کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان تھے۔

سٹیج سیکریٹری کے فرائض عمران میر نے انجام دیے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کی وحدت اورریاست کے عوام کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقِ خود ارادیت کے دشمن ریاست کے حصے بخرے کرنا چاہتے ہیں لیکن جب تک لبریشن فرنٹ کا ایک بھی کارکن زندہ ہے دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملاتا رہیگا۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ بنانے کی ڈیمانڈ ریاست کے تمام حصوں کے عوام حتیٰ کے پاکستان کے بھی خلاف ہے کیونکہ ریاست کے کسی بھی حصے کو اس طرح کسی ملک کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے پروپیگنڈے کی آڑ میں عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے لیکن لبریشن فرنٹ گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی حقوق کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ لبریشن فرنٹ ریاست جموں کشمیر کی آزادی کی تحریک کا وارث اور ہر اول دستہ ہے اور ہم کسی بھی قیمت پر کسی طالع آزما کو یہ حق نہیں دینگے کہ وہ ریاست کے عوام کی مرضی اور آزادانہ رائے کے بغیر ریاست کی جبری تقسیم سمیت کسی بھی حل کو مسلط کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے حکمرانوں نے عالمی برادری کے سامنے ریاست جموں کشمیر میں رائے شماری کا وعدہ کر رکھا ہے اس لیے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ریاست سے افواج کے انخلاء کی تاریخ اور عالمی برادری کی نگرانی میں آزادانہ ریفرنڈم کا اعلان کیا جائے تاکہ ریاست کے تمام حصوں کے عوام اپنے مستقبل کا آزادانہ فیصلہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چائینا اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کو نظر انداز کرنے سے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ اقتصادی راہداری منصوبے کا مخالف نہیں لیکن عوام کے حقوق پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو فنانشل گرنٹی اور تحفظ دیے بغیر عاقے میں ڈیم اوے دیگر بڑے منصوبے کیسے شروع کیے جا سکتے ہیں۔ ان منصوبوں کی کامیاب تکمیل کیلئے ضروری ہے کہ یہاں کے عوام کو مناسب مالیاتی تحفظ اور ضمانت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو علاقے پر حقِ ملکیت تسلیم کیا جائے اور یہاں ریاست باشندہ قانون کو بحال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کا مطالبہ اصولی، قانونی اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ہے ، ہم نہ تو بھارت کی سلامتی کے خلاف ہیں اور نہ ہی پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہیں بلکہ ہم بھارت اور پاکستان دونوں کی طرف سے تسلیم شدہ حق کی ادائیگی کی بات کرتے ہیں۔ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ ہم گلگت بلتستان کے قوم پرستوں سمیت تمام مکاتبِ فکر کے نظریات کا احترام کرتے ہوئے سب کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ حقِ خود ارادیت کے حصول اور بنیادی حقوق کے حصول کیلئے آگے بڑھیں تو لبریشن فرنٹ کے کارکنان انکے شانہ بشانہ ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ اب گلگت بلتستان سے اس بحث کا خاتمہ ہو جانا چاہیے کہ خطے کا آئینی سٹیٹس کیا ہے کیونکہ آئے روز اس طرح کی بے مقصد بحثوں کو چھیڑ کا ریاست کے عوام کے درمیان نفرت کو فروغ دینے کی سازشیں اب مزید نہیں چل سکتیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کی سپریم کونسل کے ممبر ضیاء الحق، زونل آرگنائزر توصیف علی جرال اور دیگر نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کے پیغام کو گلگت بلتستان کے کونے کونے میں پھیلا کر جدوجہد کو حتمی منزل تک لیجایا جائیگا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی کے حصول تک ریاست کے تمام حصوں میں جدوجہد کو منظم کیا جائیگا۔

اجلاس کے آخر میں گلگت بلتستان کے لیے کنویننگ کمیٹی کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق سیف الدین بٹ کنوینر، سراج الدین ڈپٹی کنوینر، دولت خان اسسٹنٹ کنوینر، مقبول احمد سیکریٹری، شیر زمان آرگنائزر، منظور کشمیری پریس سیکریٹری، رضوان احمد سیکریٹری فناس منتخب کر لیے گئے۔اجلاس سے نومنتخب کنوینر سیفالدین بٹ، عمران میر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔