جوڈیشل کمیشن نے 14 افراد کو گواہی کے لیے طلب کرلیا

Judicial Commission

Judicial Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے 14 افراد کو گواہی کے لیے طلب کرلیا ہے۔

جوڈیشل کمیشن نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق تحقیقات کے لیے 14 افراد کو بطور گواہ طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ کمیشن نے سابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی، سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول،صحافی حامد میر، سابق چیف سیکریٹری جاوید اقبال، سابق چیف الیکشن کمشنر پنجاب اور چیرمین نادرا عثمان یوسف سمیت فافن کے نمائندے کو طلب کیا ہے۔

جب کہ چاروں صوبائی پرنٹنگ پریس کے ایم ڈیز کو بھی گواہوں میں شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کمیشن نے تمام افراد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 6 مئی کو طلب کیا ہے جب کہ متعلقہ افراد کی طلبی کی درخواست تحریک انصاف کی جانب سے دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق الزامات کی تحقیقات چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کررہا ہے جب کہ کمیشن میں کئی جماعتیں بھی فریق ہیں۔