کراچی: فائرنگ سے سب انسپکٹر اور بینک منیجر سمیت 4 افراد ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں سب انسپکٹر اور بینک منیجر سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ پولیس نے مختلف علاقوں سے10 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا، نارتھ ناظم آباد میں عبداللہ کالج کے قریب گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس سے سب انسپکٹر عمران جاں بحق ہوگیا۔ ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ قتل کا واقعہ گاڑی چھیننے کی کوشش کے دوران پیش آیا۔

نارتھ کراچی میں یو پی موڑ کے قریب فائرنگ سے نیشنل بینک کامنیجر شیخ نذیر ہلاک ہوگیا ۔ ایس ایس پی مقدس حیدر کے مطابق انھیں اسٹریٹ کرائمز میں مزاحمت کے دوران قتل کیا گیا۔ جس کے بعد ایس ایچ او سرسید ٹاؤن گل بیگ کو معطل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب عائشہ منزل کے قریب فائرنگ سے بخت منشا نامی شخص ہلاک ہوا ۔سہراب گوٹھ سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے ، اس کے علاوہ پولیس نے مسلم کالونی، کوثر کالونی، گودھرا میں کارروائی کرتے ہوئے10 ملزمان کو گرفتار اور متعدد کو حراست میں لیا، اُدھر نیو کراچی کے علاقے گودھرا میں رینجرز نے کارروائی کی جس کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔