کراچی: رینجرز، پولیس، حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک، ایک افسر شہید

Karachi Rangers

Karachi Rangers

کراچی (جیوڈیسک) گلشن اقبال بلاک تیرہ ڈی میں رینجرز، پولیس اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ حساس ادارے کا ایک افسر شہید ہو گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک خاتون کو حراست میں لے لیا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاک سرزمین کو دہشت گردوں کے وجود کو ختم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ، اس حوالے سے رینجرز ، پولیس اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر گلشن اقبال کے بلاک تیرہ ڈی میں ایک عمارت میں چھپے دہشت گردوں کو پکڑنے کے لئے مشترکہ ٹارگٹڈ کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران وہاں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی فائرنگ سے کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد مارے گئے ، دہشت گردوں کی فائرنگ سے حساس ادارے کا ایک افسر شہید ہوگیا ، مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت عبدلااحد اور محمد صالح کے نام سے ہوگئی۔

عمارت کی تلاشی کے دوران وہاں سے اسلحہ اور متنازعہ لٹریچر برآمد ہوا ، اسی عمارت میں ایک اور کارروائی کے دوران ایک خاتون کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک موٹر سائیکل تحویل میں لی گئی ہے جس کا نمبر ایف آئی 2143 ہے۔