کراچی :امتحان میں شرکت کی اجازت نہ ملنے پر طالبعلم کی خودکشی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) امتحان میں شرکت کی اجازت نہ ملنے پر طالبعلم نے دلبرداشتہ ہوکر خود کو آگ لگا کر یونیورسٹی انتظامیہ کے رویئے کے خلاف احتجاجاً جان دے دی ۔ امتحانی مرکز میں تعینات تین پروفیسرز کے خلاف مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دے دی گئی ، تفصیلات کے مطابق عبدالباسط بی ڈی ایس کا طالبعلم تھا ۔ امتحان میں شرکت کیلئے کراچی کی نجی یونیورسٹی میں قائم کئے گئے سنٹر میں تاخیر سے پہنچنے پر اس کی ڈیوٹی پر تعینات عملے سے تلخ کلامی ہوئی اور انہوں نے عبدالباسط کو امتحان میں شرکت سے روک دیا ،۔

عبدالباسط نے ان کی منت سماجت کی کہ اسے امتحان میں شرکت کی اجازت دی جائے لیکن امتحانی عملے نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا ۔ عملے کے رویئے سے دلبرداشتہ ہوکر عبدالباسط نے امتحانی مرکز کے باہر ہی خود کو آگ لگا لی ۔ اسے فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اس نے دم توڑ دیا ، عبدالباسط کی موت کی اطلاع گھر پہنچی تو گھر میں کہرام مچ گیا اور اہلخانہ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے ۔ عبدالباسط کے بھائی سلمان نے نجی یونیورسٹی انتظامیہ اورکراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹیل کالج کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے تیموریہ تھانے میں درخواست دے دی ہے ۔ نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر پی ای سی ایچ سوسائٹی میں ادا کی جائے گی ۔