لوڈشیڈنگ کیخلاف اپوزیشن جماعتوں کا لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاج

Protest

Protest

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ قائد اعظم، عوامی تحریک سمیت اپوزیشن جماعتیں لوڈشیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں۔ کوئی پنکھا اٹھالایا کسی نے بجلی کے میٹر گلے میں پہن لیے اور کسی نے لالٹین اٹھا کر احتجاج کیا۔

بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی کال پر لاہور پریس کلب کے باہر بھرپور احتجاج کیا گیا۔ اپوزیشن قیادت نے ایوان اقبال سے پریس کلب تک ریلی نکالی۔ ریلی سے خطاب میں پیپلزپارٹی کے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ نواز حکومت بچ گئی تو اس کے وزراء کی گردن میں سریا آ جائے گا آج پانی ہے نہ بجلی وزیر پانی بجلی مستعفی ہو جائیں۔ منظور وٹو کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد حکومت کے جانے تک قائم رہے گا۔

تحریک انصاف کی قیادت کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعوے صرف دعوے رہے گرمی اور لوڈشیڈنگ سے ایک ہزار لوگ مرگئے مگر حکمران سب اچھا ہے کہہ رہے ہیں۔

عوامی تحریک کی قیادت کا کہنا تھا کہ عوام ان حکمرانو ں کو اقتدار کے ایوان سے نکال کر دم لیں گے جماعت اسلامی نے بھی اپوزیشن جماعتوں کے موقف کی حمایت کی۔ مظاہرے سے مسلم لیگ ق کی قیادت نے بھی خطاب کرتے ہوئے حکمرانوں سے بجلی کے بحران پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کرڈالا۔

پشاور میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پریس کلب کے باہر احتجاج کیامظاہرین نے وفاق سے صوبے کے بجلی بقایاجات ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

ملتان میں تحریک انصاف نے نواں شہر چوک پر احتجاج کیا قیادت شاہ محمود قریشی نے کی جبکہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے کچہری چوک میں مظاہرہ کیا ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کر دی۔ فیصل آباد میں اپوزیشن جماعتوں نے ضلع کونسل چوک میں مشترکہ ریلی نکالی اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گجرات، بہاولنگر ، رحیم یار خان ، حیدرآباد ، سکھر، پنوں عاقل ، جیکب آباد میں بھی مظاہرے کئے گئے۔