مسجد اقصیٰ تمام مسلمانوں کی آنکھ کا تارا ہے: صدر رجب طیب ایردوان

Rajab Tayyip Erdogan

Rajab Tayyip Erdogan

قطر (جیوڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ تمام مسلمانوں کی آنکھ کا تارا ہے لہٰذا اسرائیل قانون پر عمل پیرا ہو۔

صدر ایردوان نے وطن واپسی پر تین خلیجی ممالک کے دورے کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مل کر اس بات پر مشاورت کی کہ مسئلہ قطر کے حل کے نقطہ پر کیا کچھ کیا جا سکتا ہے اور ملک کی حیثیت سے ہم کیا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ حالیہ دورہ اور ملاقاتیں استحکام اور دو طرفہ اعتماد کی فضاء کی تعمیر نو کے راستے پر ایک اہم قدم ثابت ہوں گی۔

قطر میں ترک فوجی بیس کے موضوع کوصرف قطر میں ہی زیر بحث لانے کا ذکر کرتے ہوئے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ خاص طور پر حالیہ دنوں میں قطر کا اختیار کردہ مثبت روّیہ قابل تعریف ہے۔

مسجد اقصیٰ کے بارے میں اسرائیلی انتظامیہ کی عائد کردہ پابندیوں کے ناقابل قبول ہونے کا ذکر کرتے ہوئے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ مسلمانوں کے عبادت کے حق کی نفی کرنے والے اور مسجد اقصیٰ کے تقدس کی خلاف ورزی کرنے والے یہ اقدامات تناو میں اور بھی اضافہ کر رہے ہیں۔ مسجد میں عبادت کرنے کے لئے آنے والے مسلمانوں اور دہشت گردوں کے درمیان کوئی فرق نہ کرنا ایک بڑی کم عقلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اس نوعیت کے غیر قانونی روّیوں سے صرف خود کو ہی نہیں پورے علاقے کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ مسجد اقصیٰ تمام مسلمانوں کی آنکھ کا تارہ ہے ہم اپنے مقدسات کی بے حرمتی کے مقابل خاموش اور پر سکون نہیں رہ سکتے۔

نیتان یاہو کے بیانات میں کوئی بھی قابل قبول پہلو نہ ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ “یہ حرکت بین الاقوامی قانون، انسانی حقوق کے بیان، عقائد کی آزادیوں اور اس نوعیت کے تمام بین الاقوامی اعلامیوں اور دستاویزات کے منافی حرکت ہے۔