اگر ایک دوا کی قیمت 3 روپے سے 7 روپے ہو گئی تو کیا قیامت آ گئی؟ فواد چوہدری

 Fawad Chaudhry

Fawad Chaudhry

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ دواؤں کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف فضول مہم بنا دی جاتی ہے کہ جی قیمت میں اضافہ ہو گیا، اگر 3 روپے قیمت ہے 7 روپے ہو گئی تو کیا قیامت آگئی؟

کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اب تو ویسے بھی صحت کارڈ کے بعد دواؤں کا مسئلہ ختم ہو گیا ہے، دوا اور علاج ویسے بھی مفت ہے تو اس میں کیا مسئلہ ہے؟

تیل کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں اتنی کم نہیں ہوئیں کہ یہاں اثرات آئیں، دعا کریں کہ تیل کی قیمتیں مزید کم ہوں۔

فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ سستی گیس کے عادی لوگوں کو اپنی عادتیں بدلنا ہوں گی، شہروں میں سستی گیس دی جا رہی ہے اور اس کا بوجھ باقی 78 فیصد آبادی اٹھا رہی ہے، قدرتی گیس ہر سال نو فیصد کم ہو رہی ہے اور چند سال میں گیس نہیں رہے گی۔