متحدہ کے رکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی اور پونجو مل کے استعفے منظور

Ashfaq Mangi

Ashfaq Mangi

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے دو مزید ارکان سندھ اسمبلی کے استعفے منظور کرلئے گئے۔ اشفاق منگی پاک سر زمین پارٹی اور پونجو مل بھیل پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ سندھ اسمبلی میں اس وقت 9 نشستیں مختلف وجوہات کی بنا پر خالی ہیں۔

سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے متحدہ قومی موومنٹ کے دو ارکان اسمبلی اشفاق منگی اور پونجو مل بھیل کے سندھ اسمبلی سے رکنیت کے استعفی منظور کرلئے ، اشفاق منگی نے پاک سر زمین پارٹی جبکہ پونجو مل بھیل نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد استعفی دیئے تھے۔

سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ارکان کی تعداد اکیاون تھی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے 4 ارکان اسمبلی مستعفی ہوچکے ہیں ۔ ڈاکٹر صغیر احمد ، افتخار عالم ، اشفاق منگی اور پونجو مل بھیل کے استعفے منظور ہو چکے ہیں ۔ ایم کیو ایم کے 2 ارکان بلقیس مختار اور دلاور خان بھی مستعفی ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔

بلقیس مختار اور دلاور خان پاک سر زمین میں شامل ہو چکے ہیں۔ مسلم لیگ نون کے رکن عرفان اللہ مروت کو نا اہل قرار دینے کے بعد نشست خالی ہے ۔ پیپلز پارٹی کے ستار راجپر بھی نااہل ہو چکے ہیں جبکہ مقیم کھوسو کے انتقال پر بھی نشست خالی ہوچکی ہے۔

سیکرٹری سندھ اسمبلی کا کہنا ہے متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان بلقیس فاطمہ اور دلاور خان کے استعفے تاحال موصول نہیں ہوئے۔ جن ارکان کے استعفی منظور کئے گئے ہیں ان کی خالی نشستوں پر انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا گیا ہے۔