محسن انسانیت کی آمد، جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آج منایا جا رہا ہے

Milad un Nabi

Milad un Nabi

اسلام آباد (جیوڈیسک) محسن انسانیت کی آمد پر جشن۔ عید میلاد النبی پر کراچی سے خیبر تک گلی محلوں میں روشنیوں کی بہار، درودو سلام کی محافل کا انعقاد جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے گھروں، بازاروں اور گلیوں کو سبز جھنڈیوں اور بینرز سے سجا گیا ہے۔

عمارتیں رنگ برنگے قمقموں سے جگمگا اٹھیں جگہ جگہ محافل نعت کا انعقاد، فضائیں درود و سلام کی صدائوں سے مہک اٹھیں سکیورٹی کے انتظامات سخت کیے گئے ہیں۔

جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ عبد الحق قادری نے کہا کہ نبی کریم کی ولادت کا جشن منانا ایمان کی دلیل ہے، پیغمبر اسلام کی حیات طیبہ اہل ایمان کیلئے ایک روشن مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرزندان اسلام مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ میلا د النبی کے جلوس اور محافل میں شر کت کر کے پیارے مصطفی سے والہانہ عقیدت کا بھرپور اظہار کریں۔

انہو ں نے کہا کہ نبی کریم کی زندگی ہر دور کے انسانوں کیلئے قابل تقلید ہے اسوۂ رسا لت امن و سلامتی ،انسانی فلاح و ترقی کی راہ دکھا تا ہے۔12ربیع الاول کا مرکزی جلوس آج پیر 3؍بجے سہ پہرنیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے براستہ ایم اے جناح روڈ علامہ شاہ عبد الحق قادری ،علامہ کو کب نو رانی اوکا ڑوی ودیگر علماء کی قیادت میں نشتر پارک کے لئے روانہ ہوگا۔

جلسہ عید میلاد النبی ٹھیک 5؍بجے شام نشتر پارک میں ہو گا۔جما عت اہلسنّت کے قائدین علامہ شاہ عبد الحق قادری ،مولانا ابرار احمد رحمانی ،صوفی حسین لاکھانی نے کہا کہ جشن میلاد مصطفی کو شایان شان طو ر پر منانے کی تیاریاں زور و شور سے کی گئیں ہیں، پاکستان مصطفی جانِ رحمت کے چاہنے والوں کی سرزمین ہے ملک کے درودیوار ہمیشہ درودو سلام سے گونجتے رہیں گے۔

عوام عظمتِ مصطفی کے پر چم کو بلند رکھنے کیلئے لبیک یا رسو ل اللہ کی صداؤں میں 12 ربیع الاول کو میلا د النبی کے جلو سوں اور جلسوں میں بھر پو ر شرکت کریں ۔ قائدین نے کہا کہ کوئی سازشی قوت ،دہشت و بد امنی ہمیں جشن میلاد منانے سے نہیں روک سکتی،عظمت مصطفی پر مر مٹنے کا جذبہ رکھنے والے لوگ ابھی بھی موجود ہیں۔

میلاد کے تمام جلوس روایتی روٹ کے مطابق نکلیں گے جس میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غلامان مصطفی کسی دہشت گردی، بدامنی ،خوف و ہراس سے ہر گز گھبرانے والے نہیں ہیں نبی کے ذکر کو رب اللعالمین نے بلند کیا ہے ہم رہیں یا نہ رہیں میلاد النبی کا جشن جاری رہے گا۔

نیز عید میلاد النبی کی مرکزی جلسہ گاہ نشتر پارک کے انتظامات کے سلسلے میں جماعت اہلسنت کراچی کے رہنماؤں نے نشتر پارک کا دورہ کیا۔

رہنمائوں نے کہا کہ عید میلا د النبی کے موقع پر قیام امن، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور بلدیا تی سہولیات کو یقینی بنانا حکومت و انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے جس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ علاوہ ازیں آج ملک بھر میں عام تعطیل کا بھی علان کیا گیا ہے۔