فلم ’’اکیلے‘‘ میں بپاشا باسو دھڑ سے جڑی بہنوں کا کردار نبھائیں گی

Bipasha Basu

Bipasha Basu

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی اداکارہ بپاشا باسو اپنی آنے والی ایک فلم میں جڑواں بہنوں کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ ڈائریکٹر بھوشن پٹیل بپاشا باسو کے ساتھ ایک فلم’’اکیلے‘‘ بنانے جا رہے ہے جس میں بپاشا جڑواں بہنوں کا کردار ادا کریں گی۔ اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ یہ جڑواں بہنیں دھڑ سے جڑی ہوئی ہیں۔

فلم ’’اکیلے‘‘ کو کمار مانگٹ پاتھک‘ ابھیشک پاتھک اور پردیپ اگر وال پروڈیوس کر رہے ہیں۔ اس فلم میں پیدائشی طور پر دھڑ سے جُڑی دو بہنوں کا کردار نبھایا گیا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ان میں سے کیسے ایک بہن بُری عادتیں اپنا لیتی ہے جب کہ دوسری بہن بہت شریف‘ پیاری‘ اپنی جُڑواں بہن سے مختلف اور خود کو اس سے کیسے محفوظ رکھنے کے جتن کرتی ہے۔

اداکارہ بپاشا باسو کا کہنا ہے کہ فلم ’’اکیلے‘‘ اس کے لیے ایک چیلنجنگ فلم ہے کیونکہ میرا اس میں ایک جذباتی کردار ہے جس میں ایک چُبھتا ہوا اور پیچیدہ کردار نبھا رہی ہوں۔ بپاشا باسو نے مزید کہا کہ وہ اس کردار کے لیے بہت مطالعہ کر رہی ہیں اور جُڑواں بہنوں کی دستاویزی فلم بھی دیکھ رہی ہیں تاکہ ان جیسا کردار نبھا سکوں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس فلم میں بپاشا باسو کے ساتھ ٹی وی کے جانے مانے اداکار کرن سنگھ گروور بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں اور فلم ’’اکیلے‘‘ میں اداکاری کرکے وہ فلمی دنیا میں اپنا پہلا قدم رکھ رہے ہیں۔

7 جنوری 1979ء کو پیدا ہونے والی خوبرو اداکارہ بپاشا باسو قبل ازیں ہندی‘ تیلگو‘ بنگالی‘ تامل اور انگلش زبان کی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جب کہ فلمی دنیا میں آنے سے قبل وہ ایک بہترین ماڈل بھی رہی ہیں۔ بپاشا باسو نے 2001 میں ایک منفی کردار نبھا کر فلم اجنبی سے اپنے فنی سفرکا آغاز کیا جس سے انھیں فلم فیئر ایوارڈ فار بیسٹ فیمیل ڈیبیوٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ بپاشا کی پہلی کامیاب کمرشل فلم راز تھی جو 2002ء میں ریلیز ہوئی بعد ازاں 2003ء میں جذباتی اور تھرلر فلم جسم میں بہترین اداکاری کی۔