فلم چنائے ایکسپرس کے گانے تیرا رستہ چھوڑوں ناکی ویڈیو جاری

Chennai Express Movies

Chennai Express Movies

ممبئی (جیوڈیسک) این جی ٹی 2007 کے بعد شاہ رخ خان اور دپیکا کی جوڑی پھر سلور اسکرین پر تہلکہ مچانے کے لیے تیار ہے جن کی ایکشن کامیڈی فلم چنائے ایکسپرس کے نئے گانے کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی ہے۔ امیتابھ بھٹا چاریہ کے تحریر کردہ تیرا رستہ چھوڑوں نا کے بولوں پر مبنی اس گانے کوخود امیتابھ بھٹا چاریہ اور انوشا مانی کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی ویڈیو میں شاہ رخ خان اپنی ہیروئن دپیکا کے ساتھ ڈانس کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ گانے سمیت فلم کی موسیقی موسیقار جوڑی وشال شیکھر نے ترتیب دی ہے۔

ہدایتکار روہت شیٹھی کی فلم چنائے ایکسپریس میں شاہ رخ اور دپیکا کے ساتھ ساتھ ستھیا راج، منورما اور کپل شرما اہم کردار ادا کررہے ہیں جبکہ رانی مکھرجی فلم میں بحیثیت مہمان اداکارہ شامل ہوں گی۔ شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان کی پروڈیوس کردہ اس ایکشن کامیڈی فلم میں چھ سال بعد بلاک بسٹر فلم اوم شانتی اوم کی جوڑی پھر ساتھ نظر آئے گی جس کی کہانی ایک آدمی کے ممبئی سے رامیشورم تک کے سفر کے گرد گھومتی ہے۔

ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے اشتراک سے بننے والی فلم چنائے ایکسپرس یو ٹی وی موشن پکچرز کے تحت رواں سال عید کے موقع پر 9 اگست کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ واضح رہے کہ چنائے ایکسپریس کی ریلیز کے موقع پر فلم میں شاہ رخ اور دپیکا کے زیبِ تن کیے گئے کاسٹیومز امدادی مقاصد کے تحت نیلام کیے جائیں گے۔