نقیب قتل: اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء 2 دھڑوں میں تقسیم

Protesters

Protesters

اسلام آباد (جیوڈیسک) نقیب اللہ محسود کے کراچی میں ماورائے عدالت قتل کے خلاف اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا دو دھڑوں میں بٹ گئے۔

اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر دھرنا گزشتہ ہفتے سے جاری تھا تاہم منگل کے روز وزیراعظم سے ملاقات اور پولیس افسر راؤ انوار کی گرفتاری سمیت دیگر مطالبات پر عمل درآمد کی یقین دہانی پر بیشتر مظاہرین اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔

تاہم کچھ شرکاء اب بھی پریس کلب کے باہر موجود ہیں جن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس سے نوٹی فکیشن کے اجراء اور راؤ انوار کی گرفتاری تک دھرنا جاری رکھیں گے۔

یاد رہے کہ کراچی کے علاقے ملیر میں ایس ایس راؤ انوار نے گزشتہ ماہ ایک مقابلے کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ تھا جس میں نقیب اللہ محسود بھی شامل تھا۔

بعدازاں مقابلے کی تحقیقات کے بعد انکوائری کمیٹی نے نقیب اللہ محسود کو بے گناہ قرار دیا تھا جب کہ راؤ انوار بدستور مفرور ہیں۔