قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی، آپریشن ضرب عضب کے بعد آپریشن رد الفساد کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے، دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی تیسری برسی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول کے بچوں اور اساتذہ نے عظیم مقصد کے حصول کیلئے اپنی جانوں کی عظیم قربانی دی۔ سانحہ اے پی ایس میں معصوم بچوں کی شہادت پر پوری قوم آج بھی سوگوار ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ شہداء کے بہنے والے خون سے قوم کو امن نصیب ہوا ہے، شہید بچوں نے محفوظ اور پر امن پاکستان کیلئے اپنے لہو سے تاریخ لکھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شہید بچوں کے خون کا قرض پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے اتارنا ہے۔