آل کراچی عظمت علی میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ میں شہزاد محمڈن اور مسلم برادرز کی فائنل تک رسائی

 All Karachi Azmat Ali Football Tournament

All Karachi Azmat Ali Football Tournament

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) نیشنل اسپورٹنگ فٹ بال کلب مجید کالونی لانڈھی کے زیر اہتمام جاری آل کراچی عظمت علی میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دو سیمی فائنل کے مقابلوں کا فیصلہ ہوگیا ۔پہلے سیمی فائنل مقابلے میں شہزاد محمڈن نے مد مقابل ملیر ینگ بوائز کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-1سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ۔شہزاد محمڈن کی جانب سے یونس اوراخلاق نے جبکہ ملیر ینگ بوائز کا واحد گول ساجد خان نے اسکور کیا ۔

دوسرے سیمی فائنل معرکہ میں مسلم برادرز نے مسلم اسٹار لانڈھی کو سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کے بعد 1-0سے شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ۔میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی یونین کمیٹی نمبر4ضلع کورنگی کے نو منتخب چیئر مین فیروز بھائی کا تعارف کھلاڑیوں سے کرایا گیا ۔اس موقع پر ٹورنامنٹ آرگنائزر حیدر بھائی ،قاسم چاچا ،سیکریٹری نیشنل اسپورٹنگ کلب مہتاب بھائی ،سیکریٹری جانباز اسپورٹس لانڈھی امیر حاتم و دیگر موجود تھے ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دونوں سیمی فائنل میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری نصیر عمر بلوچ ،عزیز پاشا اور فرید طوفان نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر محمد وکیل اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔