عمران خان کو سیاسی سمجھ بوجھ نہیں، صدیق الفاروق

Siddiq ul Farooq

Siddiq ul Farooq

اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما صدیق الفارق کا کہنا ہے عمران خان کو سیاسی سمجھ بوجھ نہیں، لگتا ہے تریسٹھ سال کا آدمی اب تک میچور نہیں ہوا، اب بھی وقت ہے اپنی ٹیم سے کالی بھیڑوں کو نکالیں اور نواز شریف کا ہاتھ تھام لیں۔

اسلام آباد میں قائد اعظم اور وزیر اعظم نواز شریف کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنیٹر ظفر علی شاہ کا کہنا تھا کہ چھ ماہ میں ن لیگی حکومت کی کوئی کمزوری ہاتھ نہیں آئی تو اپوزیشن نے لفظ تماشا پر چارج شیٹ بنادی، جمہوریت کے خلاف سازشی جرنیل قانون کے شکنجے میں جبکہ نواز شریف عزت کی کرسی پر براجمان ہیں۔

مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ امید ہے سپریم کورٹ ماضی کی طرح اب بھی عام آدمی کے لیے پوری طاقت سے فیصلے کرے گی، تقریب میں صدیق الفاروق نے عمران خان اور ان کی پالیسیوں کو خوب آڑھے ہاتھوں لیا، ان کا کہنا تھا عمران خان ملک میں غیر یقینی پھیلانے کی سازش کا حصہ بن رہے ہیں۔