نواز شریف کو نکالنا انکے بس میں نہیں، 17 ستمبر کو مداریوں کو مسترد کر دیں۔ مریم نواز

 Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

لاہور (جیوڈیسک) حلقہ این اے 120 میں انتخابی مہم زوروں پر ہے۔ بیگم کلثوم نواز کی انتخابی مہم کیلئے مریم نواز سرگرم ہیں۔ مریم نواز کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے نکالی ریلی نکالی جس کا یو سی 50 اور یو سی 52 کے مختلف علاقوں میں شاندار استقبال ہوا۔ کارکن شیر شیر کے نعرے لگاتے رہے۔

مین بند روڈ پر مریم نواز نے اپنے مختصر خطاب میں کارکنوں کو فتح کی نوید سنائی، کہتی ہیں فتح حاصل کر کے رہیں گے، 17 ستمبر کو شیر ہی جیتے گا۔

اس سے قبل ماڈل ٹاؤن لاہور میں مریم نواز کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا۔ سینیٹر پرویز رشید، طلال چودھری، مائزہ حمید سمیت اہم رہنماء بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں ن لیگی وکلاء ونگ نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ ڈیڑھ سال تک مقدمہ چلا، ایک خاندان کی تذلیل کی گئی، نواز شریف کا نام پانامہ پیپرز میں نہیں تھا، ایک مقدمے کا ہی 4 بار فیصلہ آیا، اب 5 ویں بار آئیگا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ این اے 120 میں مسلم لیگ ن کو تاریخی فتح حاصل ہو گی، انتخابی مہم میں کارکنوں کا جوش و خروش قابل تعریف ہے اور عوام کی حمایت سے انتخابی معرکے میں سرخرو ہونگے۔

بعد ازاں یو سی 55 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ جو لاہور سے محبت ہے، یہ کسی اور سے محبت ہے، یہ نواز شریف سے محبت ہے، میں بھی نواز شریف ہوں، آپ بھی نواز شریف ہیں، نواز شریف کو نکالنا تمہارے بس کی بات نہیں، نواز شریف سے ہونے والی زیادتی عوام کو برداشت نہیں۔

انہوں نے لوگوں سے استفسار کیا کہ نواز شریف سے زیادتی کا 17 ستمبر کو جواب دو گے؟ سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی کا مزید کہنا تھا کہ آج بچہ بچہ نواز شریف کے عشق میں گرفتار ہے، مخالفین کا منشور انگلی، دھرنا اور اقامہ ہے، مخالفین کی حیثیت ایک مہرے کے سوا کچھ نہیں، آپ وہ مہرہ ہیں جو پٹ چکا ہے، نواز شریف کو نکالنا تمہارے بس کی بات نہیں۔