نواز شریف ضرور واپس آؤ لیکن نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش نہ کرنا، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

ایبٹ آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سنا ہے کہ باپ بیٹی جمعے کو وطن واپس آرہے ہیں، ضرور واپس آؤ لیکن نواز شریف نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش نہ کرنا۔

ابیٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جب مہنگائی ہوتی ہے تو عام آدمی مشکل سے پیٹ پالتا ہے اور غربت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10 سالوں میں ہمارا قرضہ 6 ہزار ارب سے بڑھ کر 27 ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے جس کی دو وجوہات ہیں، نااہلی اور کرپٹ لوگوں کو اداروں میں اہم عہدوں پر لگانا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کرپٹ لوگوں کو ملک کے اہم عہدوں پر کیوں بٹھایا گیا، کیوں کہ انہوں نے پیسا بنایا تھا تاکہ کوئی انہیں پکڑ نا سکے، نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے بجلی اور گیس کی قیمتیں برصغیر میں سب سے زیادہ ہیں کیوں کہ اس پر ٹیکس لگے ہوئے ہیں اور ٹیکس اس لیے لگتے ہیں کہ ملک کا قرضہ واپس کرنا ہوتا ہے۔

عمران خان کا سابق وزیر اعظم نواز شریف کی برطانیہ سے وطن واپسی سے متعلق کہنا تھا کہ سنا ہے کہ باپ بیٹی اگلے جمعے وطن واپس آرہے ہیں، ضرور واپس آؤ لیکن نواز شریف نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش نہ کرنا، وہ عظیم آدمی تھا جس نے قوم کے لیے جیل کاٹی لیکن آپ نے بچوں کے نام پر قوم کا پیسہ چوری کرکے رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے ان کے بچوں سے پوچھا آپ بیٹھے بیٹھے ارب پتی کیسے بن گئے، تو بیٹے کہتے ہیں ہم پاکستانی شہری نہیں اور ہم جوابدہ نہیں، آپ نے حلال کا پیسہ کمایا تو آکر جواب دیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک سال سپریم کورٹ میں اپنی ایک ایک چیز کا حساب دیا اور اپنی منی ٹریل بھی دی اور 60 دستاویزات پیش کیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ اربوں کی کرپشن پر سر شرم سے جھکانے کے بجائے کیپٹن (ر) صفدر ایسے گرفتاری دے رہا ہے جیسا کشمیر فتح کرکے آیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہا کہ شہباز شریف نے کہا کہ ایک ڈھیلا چوری کیا ہو تو نام بدل دینا، ہم کئی بار شہباز شریف کا نام بدل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل پنجاب کی رپورٹ میرے ہاتھ میں ہے جس میں اسلام آباد راولپنڈی میٹرو میں 6 ارب کا نقصان ہوا اور رپورٹ میں لکھا ہے نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے نقصان ہوا۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی ساری ترقی اشتہارات میں ہوتی تھی، گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں 24 ارب کا نقصان ہے جب کہ ملتان ڈویلپمنٹ ہاؤسنگ اسکیم میں 8 ارب روپے اور دانش اسکول کا 100 ارب روپے کا نقصان ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتا ہے عدالت کا فیصلہ نہیں مانتے، کونسی عدالت کا فیصلہ منظور ہوگا؟ کیا برطانیہ سے فیصلہ لائیں؟ یہ لوگ جسٹس قیوم کو کال کرتے تھے ان کا فیصلہ منظور تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک آدمی اپنی چوری بچانے کیلئے پاکستان کو نقصان پہنچاتا ہے، اگر لیڈر شپ کرپشن میں لگی رہی تو ملک آگے نہیں جائے گا جب کہ 27 ہزار ارب روپے کے قرضے اتارنے کیلئے قوم کو متحد ہونا ہوگا۔

بعد ازاں ہری پور میں جلسے سے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت میں آنے کے بعد پہلا کام اپنےخرچے کم کریں گے اور سادگی اختیار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس، گورنر ہاؤس اور بڑے محلات ختم کریں گے، نتھیا گلی کے گورنر ہاؤس کو زبردست ہوٹل بنائیں گے اور رقم عوام پر خرچ کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ناروےکا وزیراعظم سائیکل پر آفس جاتا ہے، 40 گاڑیوں کا پروٹوکول نہیں ہوتا لیکن یہاں نااہل مجرم وزیراعظم نے ڈیڑھ ارب روپے کے بیرون ملک دورے کئے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف فیصلہ آنے پر شہباز شریف اور حمزہ ہاتھ اٹھا کر مجھے دعا دے رہے ہیں لیکن اب شہباز شریف کی باری آنی ہے، شہباز شریف تم نے کرپشن میں زرداری کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے پیسا لوٹا ان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کروں گا۔