پڑوسیوں کے ساتھ گولیوں کی بوچھاڑ میں مذاکرات نہیں ہو سکتے، بھارتی صدر

Pranab Mukherjee

Pranab Mukherjee

نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی صدر پرناب مکھرجی کا کہنا ہے کہ گولیوں کی بوچھاڑ میں امن مذاکرات نہیں ہوسکتے جب کہ دہشت گرد اچھے اور برے نہیں بلکہ انسانیت کے دشمن ہوتے ہیں۔

بھارت کے 67 ویں یوم جمہوریہ کی تقریب سے خطاب میں پرناب مکھر جی کا کہنا تھا کہ پڑوسیوں کے ساتھ جغرافیائی معاملات کو بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے لیکن گولیوں کی تڑتڑاہٹ میں امن مذاکرات نہیں ہو سکتے، مذاکرات کے لیے پرامن ماحول کا ہونا لازمی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوموں کے درمیان متنازع مسائل ہمیشہ ہوتے ہیں جب کہ پڑوسیوں کے ساتھ یہ مسائل سب سے زیادہ ہوتے ہیں جنہیں مل بیٹھ کر حل کیا جانا چاہیئے۔

پرناب مکھرجی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی معاشروں میں کینسر کی طرح ہے اور دہشت گرد معصوم لوگوں کا قتل عام کرکے معاشرے میں افراتفری پھیلا رہے ہیں اس لیے ان کا پوری دنیا سے خاتمہ بہت ضروری ہے۔ دہشت گرد اچھے یا برے نہیں ہوتے اور نہ ہی ان کا کوئی نظریہ ہوتا ہے بلکہ یہ انسانیت کے دشمن ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت اور پرتشدد واقعات کا سختی سے نوٹس لیا جانا چاہیئے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جانی چاہیئے۔