نیویارک میں بم دھماکہ، انتیس افراد زخمی

New York Explosion

New York Explosion

نیویارک (جیوڈیسک) امریکا کے شہر نیو یارک میں ہونے والے دھماکے میں انتیس افراد زخمی ہوگئے ، نیویارک کے مئیر کا کہنا ہے کہ دھماکے میں دہشت گردی کے ثبوت نہیں ملے ، ادھر نیو جرسی میں تین پائپ بم دھماکوں کے باعث چیریٹی ریس منسوخ کر دی گئی۔

نیویارک سٹی کے علاقے مین ہیٹن میں دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ امریکی میڈیا کے مطابق دھماکا 14 منزلہ عمارت کے قریب کچرے کے ڈبے میں ہوا ہے ۔ تاہم دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ۔ اقوام متحدہ کا صدر دفتر بھی دھماکے کے مقام کے قریب واقع ہے۔

نیویارک کے مئیر Bill de Blasio کا کہنا ہے کہ دھماکا ارادی طور پر کیا گیا تاہم اس کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے ۔ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دھماکے کی جگہ کے قریب کئی عمارتیں خالی کرالی گئیں ۔ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر باراک اوباما کو دھماکے سے آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ اس سے چند گھنٹے پہلے ہی نیو جرسی میں چیریٹی ریس کے موقع پر تین پائپ بم دھماکے ہوئے ہیں جس میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ۔ دھماکوں کے بعد ریس منسوخ کر دی گئی۔