نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس کے تحت 61 رنز سے شکست دیدی

New Zealand

New Zealand

ویلنگٹن (جیوڈیسک) میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 61 رنز سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ کی باؤنسی پچ پر شاہینوں کے پول کھل گئے، 316 رنز کے تعاقب میں بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور 30.1 اوورز میں 166 رنز پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا جس کے بعد کھیل دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔

قومی ٹیم کی جانب سے کوئی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا۔ اوپنر بلے باز اظہر علی صرف 6 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، بابر اعظم بھی ٹیم کے مجموعی سکور میں اضافہ نہ کر سکے اور کیوی باؤلر ٹیم ساؤتھی کا شکار بنے، سینئر بلے بازوں نے بھی ذمہ داری کا ثبوت نہ دیا۔ محمد حفیظ شارٹ کھیلتے ہوئے ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے انہوں نے صرف ٹیم کے مجموعی سکور میں صرف ایک رنز کا اضافہ کیا۔ شعیب ملک نے محتاظ انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن وہ اپنی اننگز کو پارٹنر شپ میں بدلنے میں ناکام رہے اور 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 8 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ شادب خان نے ٹیم کو کچھ سہارا دیا اور فخر زمان سے ملکر 78 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن وہ بھی صرف 28 رنز ہی بنا سکے اور ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اوپنر بلے باز فخر زمان جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 4 چھاکوں کی بدولت 82 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ فہیم اشرف نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 17 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 3، ٹرینٹ بولٹ نے 2 جبکہ آسٹلے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے میزبان ٹیم کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کیوی ٹیم کی جانب سے مارٹن گپٹل اور کولین منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔ نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 83 کے اسکور پر گری، جب کولن منرو 58 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔ کیوی ٹیم کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارٹن گپٹل تھے، جو 48 رنز بنا سکے اور فخر زمان نے انکو آؤٹ کیا۔ تیسری وکٹ ٹیلر کی گری، جو 12 کے اسکور پر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کو چوتھا نقصان ٹام لیتھم کا ہوا، فہیم اشرف کی گیند پر بابر اعظم نے انکا کیچ پکڑا۔ پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان ولیم سن تھے، ولیم سن 115 رنز کا شاندار اننگز کھیل کر رومان رئیس کا شکار بنے۔

نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ ہنری نکولس کی گری، جو نصف سنچری کرنے کے بعد حسن علی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ کیویز کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مچل سنٹنر تھے۔ محمد عامر کی گیند پر رومان رئیس نے انکا کیچ پکڑا۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 3 جبکہ محمد عامر، رومان رئیس، فہیم اشرف اور فخر زمان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔