نائیجیریا: اغوا ہونے والے لڑکیوں میں سے مزید 21 بازیاب

Nigeria Police

Nigeria Police

چیبوک (جیوڈیسک) نائیجیریا کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی مشرقی شہر چیبوک کی ان 21 لڑکیوں کو بازیاب کروا لیا گیا ہےجنہیں بوکو حرام کے انتہا پسندوں نے دو سال قبل اغوا کر لیا تھا۔

صدارتی ترجمان مالام گربا شیہو نے جمعرات کو ٹوئیڑ پر کہا کہ یہ لڑکیاں اب نائیجیریا کے ایک سرکاری ادارے کے پاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان لڑکیوں کی رہائی حکومت اور بوکو حرام کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا ان مذاکرات میں سوئس حکومت اور بین الاقوامی فلاحی ادارے ریڈ کراس نے معاونت کی۔

اپریل 2014 میں چیبوک شہر میں واقع ایک سکول پر حملہ کر کے بوکو حرام نے 200 سے زائد لڑکیوں کو اغوا کرلیا تھا۔ اس واقعے کی نا صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی شدید مذمت کی گئی تھی۔

اب تک درجنوں کی تعداد میں لڑکیاں بوکو حرام کے قید سے فرار ہو کر واپس اپنے خاندان سے آ ملیں تاہم اب بھی ان کی بڑی تعداد لاپتا ہے۔

بوکو حرام کا کمانڈر ابو بکر شیکاؤ یہ کہہ چکا ہے کہ ان لڑکیوں کو اسی صورت میں رہا کیا جائے گا جب حکومت اپنی حراست میں موجود انتہا پسندوں کو رہا کرے گی۔