شمالی کوریا کا راکٹ انجن کا کامیاب تجربہ

Kim Jong Un

Kim Jong Un

شمالی کوریا (جیوڈیسک) شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق مصنوعی سیارے کو لانچ کرنے کے لیے ایک نئے راکٹ انجن کا زمین پر ’کامیاب‘ تجربہ کیا ہے۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ اُن نے سائنس دانوں اور انجینیئرز سے کہا ہے کہ وہ سیٹلائٹ کو جلد سے جلد لانچ کرنے کی تیاریاں کریں۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ اُن نے خود اس تجربے کی نگرانی کی۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق راکٹ انجن کے تجربے کی مدد سے ملک کے مختلف قسم کے مصنوعی سیارے خلا میں بھیجنے کی صلاحیتوں میں قابل ذکر اضافہ ہو گا۔

ماہرین کے مطابق شمالی کوریا آنے والے دنوں میں طویل فاصلے پر مار کرنے والا راکٹ کا تجربہ کر سکتا ہے یاد رہے کہ گذشتہ جمعے کو شمالی کوریا نے ایک کامیاب جوہری تجربہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اس کا پانچواں جوہری تجربہ ہے۔

دریں اثنا امریکہ اور چین نے شمالی کوریا کے پانچویں جوہری تجربے سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

شمالی کوریا کی جانب سے رواں ماہ کے اوائل میں کیے جانے والے زیرِ زمین جوہری تجربے کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اب تک کیے جانے والے جوہری تجربات میں سب سے طاقتور تجربہ ہے۔

شمالی کوریا باقاعدگی سے اپنے جوہری اور میزائل پروگرامز کی ترقی کے بارے میں دعوے کرتا رہتا ہے تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس کے متعدد دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق کرنا ناممکن ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے نا معلوم سفارت کاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی اور چینی حکام نے شمالی کوریا پر اقوامِ متحدہ کی جانب سے ممکنہ پابندیوں کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔