آن لائن کیسے لکھیں

 Online Writing

Online Writing

تحریر : علی عبداللہ
پرنٹ میڈیا کی اہمیت اپنی جگہ لیکن گلوبل ویلج کہلانے والی اس دنیا میں ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال نے لوگوں کو آن لائن لکھنے اور پڑھنے کا ایک نیا انداز عطا کیا ہے _ لوگ اب بغل میں موٹی موٹی کتابیں اور جیبوں میں قلم لے کے پھرنے کی بجائے ایک ہی جگہ بیٹھے بیٹھے دنیا بھر سے لکھے ہوئے مضامین اور تحریریں ایک ہی کلک پر پڑھنے کو ترجیح دیتے ہیں _ سوشل میڈیا نے اس طریقے کو مزید تقویت دی ہے اور لوگوں نے اپنے ذاتی بلاگز بنا کر مختلف موضوعات پر لکھنا شروع کر دیا ہے تاکہ وہ اپنے خیالات و جذبات کا کھل کر لوگوں تک اظہار کر سکیں _ اس کی مختلف وجوہات ہیں لیکن ایک اہم وجہ یہ ہے کہ لوگوں کے پاس وقت کم ہے اور وہ اسی کم وقت میں ہی زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں _ اس بنیاد پر اب سوشل میڈیا پر لکھنا ایک فن کی شکل اختیار کرتا چلا جا رہا ہے اور چونکہ لوگ مختصر تحریروں کو پڑھنا چاہتے ہیں اس لیے آن لائن لکھنے میں مہارت حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔

سوشل میڈیا پر لکھنا آسان ہے لیکن لوگوں کی توجہ کا مرکز بننا اتنا آسان نہیں _ نت نئے موضوعات سے قارئین تک تازہ ترین معلومات کا فراہم کیے جانا محنت طلب کام ہے _ لہٰذا لکھنے سے پہلے چند باتوں کا علم ہونا آپ کے لیے نہایت ضروری ہے _ سب سے پہلی بات یہ کہ قارئین کی توجہ ایک محدود وقت تک ہی کسی تحریر پر مرکوز ہوتی ہے اور اس کے بعد وہ منتشر ہونے لگتی ہے _ دوسرا قارئین کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ وہ ایک طویل تحریر کو پڑھیں اور اس میں سے اپنے کام کی معلومات چھانیں _ تیسری اہم بات یہ کہ تحریر پڑھنے والے ایک خاص مقصد اور مشن کے ساتھ تحریر پڑھ رہا ہوتا ہے جس میں سے اس نے تازہ ترین مواد حاصل کرنا ہوتا ہے _ اور ساتھ ہی آپکے علم میں یہ بات بھی ہونی چاہیے کہ قارئین لفظ با لفظ تحریر پڑھنے کی بجائے اس کا نچوڑ لیتے ہیں _ لہٰذا مندرجہ بالا باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے آپکی تحریر دلچسپ, معلوماتی اور مختصر ہونی چاہیے جس سے قاری اکتاہٹ کا شکار نہ ہو سکے۔

ایک لکھنے والے کے لیے سب سے زیادہ تکلیف دہ بات یہ ہوتی ہے کہ اس کی تحریر توجہ حاصل نہ کر پائے یا قارئین کی کوئی رائے نہ ملے _ بلاگز ہوں یا آپ کی اپنی ویب سائٹ, فیس بک سٹیٹس ہوں یا ٹویٹر کے ٹویٹ, اگر آپ اپنی تحریروں کو قابل توجہ بنانا چاہتے ہیں تو آپکو علم ہونا چاہیے کہ لوگ جاننا کیا چاہتے ہیں؟ کس قسم کے مواد کی انہیں تلاش ہے ؟ اس کے بعد آپ کے بلاگ میں دیا گیا مواد تازہ ترین اور مستند معلومات پر مبنی ہو تاکہ لوگ روزانہ کی بنیاد پر آپکی تحریروں کو پڑھ سکیں _ اس کے ساتھ ساتھ آپکی تحریروں میں آپکے اپنے ذاتی خیالات کا بھی شامل ہونا ضروری ہے _ گھبرائیں نہیں پڑھنے والے آپکے خیالات کی عزت کرتے ہیں اور ان تحریروں کو زیادہ پذیرائی ملتی ہے جن میں لکھنے والے کے اپنے جذبات کی بھی عکاسی ہو رہی ہو _ اس کے بعد کسی بھی تحریر کا عنوان سب سے زیادہ اہم ہوتا ہے کیونکہ سوشل میڈیا پر بے شمار تحریروں کی موجودگی میں آپکا ایک پراثر عنوان ہی آپکو منفرد بنا کر آپکی تحریر کو چار چاند لگا سکتا ہے _ یاد رکھیں کسی بھی تحریر کی ابتدا ہی قاری کو پوری تحریر پڑھنے یا نہ پڑھنے پر آمادہ کرتی ہے لہٰذا آپکی تحریر کا ابتدائیہ دلکش اور پراثر ہونا ضروری ہے _ چونکہ سوشل میڈیا پر آپ صرف ایک فرد کے لیے نہیں بلکہ مختلف افراد کے لیے لکھ رہے ہوتے ہیں اس لیے آپکا انداز تحریر دوستانہ ہو اور ایسا محسوس ہو کہ آمنے سامنے بیٹھ کے گفتگو کی جا رہی ہے تب جا کے تحریرقابل توجہ بنتی ہے۔

آن لائن لکھنا ایک مسلسل عمل کا نام ہے جس میں صبر اور ہمت کے ساتھ ساتھ سابقہ غلطیوں پر نظر کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ روازنہ کی بنیاد پر ہر تحریر نئے انداز میں لکھی جا سکے اور قارئین دلچسپی سے آپکو پڑھ سکیں _ مایا اینجلو کے مطابق, ” آپ جو کہتے ہیں لوگ وہ بھول جاتے ہیں, آپ نے جو کام کیا ہو اسے بھی لوگ بھول جائیں گے لیکن لوگ وہ احساس کبھی نہیں بھولتے جو آپ ان کو محسوس کرواتے ہیں۔

Ali Abdullah

Ali Abdullah

تحریر : علی عبداللہ