مخالفت برائے مخالفت کی سیاست نے ملک میں عجیب وغریب گند ڈال دیا ہے، حافظ طاہر جمیل

 Hafiz Tahir Jamil

Hafiz Tahir Jamil

فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ مخالفت برائے مخالفت کی سیاست نے ملک میں عجیب وغریب گند ڈال دیا ہے، اوئے، اوئے کی سیاست نے ہماری نوجوان نسل کو اخلاقی طور پر کنگال کرنا شروع کر دیا ہے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف 1988ء سے ہی اخلاقیات سے مالامال ہیں۔

جو لوگ انہیں اوئے کرتے ہیں وہ ان کو جناب اور صاحب کہہ کر ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہونے کا ثبوت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے ایم فور کا ایک اور سیکشن مکمل ہو گیا اور یہ سیکشن نہ صرف جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے بہت بڑی نعمت ثابت ہو گا بلکہ اس کی تعمیرسے بلوچستان جانے والوں کے لیے بھی کم ازکم 5 گھنٹے کی مسافت کم ہو گی۔

بلاشبہ ارض پاکستان حقیقی معنوں میں عظیم ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے اگر دھرنا گروپ چار ماہ تک شاہراہ دستور پر ”پھوڑی” ڈال کر نہ بیٹھا رہتا تو اب تک وطن عزیز ایشیا کا ٹائیگر بن چکا ہوتا۔ اب بھی وقت ہے کہ مخالفین مخالفت برائے مخالفت کی سیاست ترک کر دیں تاکہ وزیراعظم میاں نواز شریف اپنے ویژن پر چلتے ہوئے پاکستان عرف مسائلستان کو مسائل فری ملک بنا کر سرخرو ہو سکیں۔