یوم پاکستان فیسٹیول کا آغاز 23 مارچ کو وزیر اعلیٰ کرینگے

Pakistan Sports Welfare Association

Pakistan Sports Welfare Association

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپوررٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اور فردوس اتحاد کے زیر اہتمام یوم پاکستان اسپورٹس فیسٹیول کا آغاز مورخہ 23 مارچ 2017ء بروز جمعرات وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کرینگے۔ صبح ساڑھے آٹھ بجے وزیر اعلیٰ ہائوس سے سائیکل ریس کے ذریعے فیسٹیول کا آغاز وزیر اعلیٰ سندھ کرینگے۔ چیف آرگنائزر حاجی غلام محمد خان نے فیسٹیول کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلات بتا تے ہوئے کہا کہ فیسٹیول میں سائیکل ریس، شوٹنگ بال، آرم ریسلنگ ،یوگا اور باسکٹ بال کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائیگا۔

فیسٹیول میں منعقدہ اسپورٹس مقابلوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے چیف آرگنائزر نے بتا یا کہ شوٹنگ بال ٹورنامنٹ 23 تا26مارچ کو واحد شوٹنگ بال کمپلیکس کورنگی پر منعقد ہوگا ،باسکٹ بال ٹورنامنٹ 23تا 29مارچ آرام باغ باسکٹ بال کورٹ برنس روڈ پر منعقد ہوگا ،آرم ریسلنگ اور یوگا کے مقابلے 26مارچ کو کنگز گارڈن ناظم آباد پر ہونگے ۔فیسٹیول کے آرگنائزنگ سیکریٹری سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد ،شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کے کوارڈینٹر محمد اجمل ،باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے کوارڈینٹر طارق حسین ،سائیکل ریس کے کوارڈینٹر باران بلوچ ،آرم ریسلنگ کے کوارڈینٹر کاشف فاروقی اور یوگا اسپورٹس کے کوارڈینٹر خالد بروہی ہونگے۔

فیسٹیول کے دوران کمشنر کراچی اعجا ز احمد خان ،سیکریٹری اسپورٹس سندھ سلیم رضا ،نیشنل بنک شعبہ کھیل کے سربراہ اویس اسد خان ،بلدیہ کورنگی کے چیئر مین سید نیئر رضا ،چیئر مین بلدیہ جنوبی ملک فیاض ،بلدیہ وسطی کے چیئر مین ریحان ہاشمی ،ڈپٹی کمشنر کورنگی سید مہدی شاہ ،کے سی سی اے کے صدر پروفیسر اعجاز احمد فاروقی ،سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے نائب صدر انجینئر محفوظ الحق اور ماہر تعلیم سید خالد احمد شاہ تقریبات میں شرکت کرینگے۔