پاکستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ میں پیش کئے جائیں گے، سرتاج عزیز

Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

کراچی (جیوڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز کہتے ہیں کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ میں پیش کئے جائیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے۔ اس سلسلے میں ثبوت جمع کرلیے ہیں، ان دستاویزات کو قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات میں پیش کیا جانا تھا لیکن چونکہ یہ ملاقات نہیں ہوسکی اس لیے اب ان دستاویزات کو اقوام متحدہ میں پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے بہتر تعلقات کے لئے پر عزم ہیں۔ افغانستان میں تیزی سے خانہ جنگی اور شورش بڑھ رہی ہے جس کے ردعمل میں افغان حکام کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان نے طالبان سے بات چیت کرکے اس شورش کو کم کیوں نہیں کیا، حقیقت یہ ہے کہ شورش میں کمی بات چیت سے نہیں بلکہ مفاہمت سے ہوتی ہے۔ اسی لیے پاکستان ایک بار پھر مفاہمت کا عمل دوبارہ بحال ہونے کی کوشش کر رہاہے۔ ملا عمر کی ہلاکت کے بعد چونکہ طالبان میں قیادت کی منتقلی کا عمل چل رہا ہے اسی لیے مذاکرات تعطل کا شکارہیں۔ جیسے ہی مذاکرات کا آغااز ہو گا ، افغانستان کے ساتھ کشیدگی کم ہو جائے گی۔

اس سے قبل مشیر خارجہ نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ کسی بھی ملک کی خارجہ پالیسی اس کے اندرونی حالات کے پیش نظر بنتی ہے ۔ متوازن خارجہ پالیسی کے لئے ضروری ہے کہ ملک معاشی اور سیاسی سطح پرمستحکم ہو۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں گزشتہ 10 سالوں میں کافی اتارچڑھاؤ آیا ہے۔
مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب 95 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے ۔ دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے ہیں۔ 60 ہزار پاکستانی دہشت گردی کی جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں ۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دور حکومت میں سرحدی خلاف ورزیاں بڑھ گئی ہیں۔