آج پاکستان سنگین حالات سے گزررہا ہے اور سیاست مجموعی طور پر کرپشن کردار میں بدل چکی ہے

PTI

PTI

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اشرف قریشی نے کہا ہے کہ آج پاکستان سنگین حالات سے گزررہا ہے اور سیاست مجموعی طور پر کرپشن کردار میں بدل چکی ہے اور اگر ایسے عالم میں کوئی امید کا چراغ روشن ہے تو وہ صرف اور صرف عمران خان کی سیاسی و نظریاتی جدوجہد ہے ۔ تحریک انصاف کی جدوجہد کو روکنے ، نظریاتی کارکردگی کمزور کرنے کیلئے منظم طریقے سے سازشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے تدارک کیلئے اگر فوری مثبت قدم نہ اٹھایا گیا تو تمام تر جدوجہد رائیگاں جائے گی اس لئے آج نظریاتی کارکنوں کے ہمراہ ”PTIبچائو تحریک ” کا آغاز کررہے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ”انصاف ہائوس” کے باہر ایک پر ہجوم ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈاکٹر حسین آفریدی ، ڈاکٹر امتیاز حسین، کامران رضا، جاوید عالم راجپوت، عابد شاہ، نیاز شاہ، حفیظ الرحمان سواتی، خرم اقبال، سرتاج خٹک، سعد عباسی، نوید تنولی، خیر محسود، اسد اعوان، شفیق اعوان، فیصل شاہد، آصف، ایاز مغل، رانا ارشاد،نوید تنولی و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اشرف قریشی نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ PTI میں کچھ ناعاقبت اندیش اور سیاسی بصیرت سے عاری افراد کی سیاسی کمزوری اور نظریاتی ناسمجھی کے باعث تحریک انصاف اپنے سفر میں خصوصاً کراچی میں خاطر خواہ اعلیٰ مقام حاصل نہ کرسکی جو کہ لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک بات تو یہ ہے کہ سندھ کے جنرل سیکریٹری ، MPA PTI سے مستعفی ہوکر PTIکے کچھ رہنمائوں سے پینگیں بڑھانے والوں کی نوزائیدہ پارٹی میں چلے گئے جس سے پتہ چلتا ہے کہ کراچی کے حوالے سے چیئرمین کو حقائق سے لاعلم رکھا جارہا ہے۔

اشرف قریشی نے مزید کہا کہ PTI میں گروپ بندی کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں اور چیئرمین عمران خان کو مفاد پرستوں کے نرغے سے نکالنا ہوگا جس کیلئے کراچی کے تمام مایوسی ، نظر انداز نظریاتی کارکنوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہمارا عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مفاد پرست عناصر کی وجہ سے انصاف کے نام پر بننے والی انقلابی جماعت اپنے منشور سے ہی ہٹ گئی ہے لیکن اب ہم میدان عمل میں نکل آئے ہیں اور عمران خان کی اصولی قیادت میں کراچی کو حقیقی معنوں میں PTI کا قلعہ بناکر دکھائینگے۔ اشرف قریشی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پارٹی پر قابض”برگرگروپ”کے ذاتی وکاروباری مفادات کے سبب PTIکو پہلے متحدہ کے ہاتھوں یرغمال بنائے رکھا گیا اور اب ایک سازش کے تحت “ضمیر جاگنے والے “سابقہ متحدہ رہنمائوں کے ہاتھوں یرغمال بنانے کی اندرون خانہ تیاریاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ PTIکے نظریاتی کارکنان کی خواہش ہے کہ 2013کے انٹر اپارٹی الیکشن سے پہلے جو PTIکی پوزیشن تھی وہی دوبارہ لائی جائے جس کے لئے ضروری ہے کہ ملک میں جاری احتسابی عمل کے ساتھ ساتھ مخصوص بر گر گروپ کا بھی احتساب کیا جائے۔ اشرف قریشی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کا سودا کرنے والوں کو بے نقاب کریں گے کیونکہ برگر پارٹی کی نااہلی و عدم سیاسی بلوغت کی وجہ سے کراچی کے ضمنی الیکشن میں “امجد خان “کو ٹکٹ جاری کیا جو کہ الیکشن کی رات متحدہ میں شامل ہوا جس سے پورے ملک میں PTIکی جگ ہنسائی ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ PTIکے کسی عہدیدار سے ذاتی مخالفت نہیں بلکہ ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور آئندہ بھی اصولوں پر مبنی سیاست ہمارا عزم ہے