پاکستان میں دہشتگردوں کی کوئی پناہ گاہیں نہیں ہیں: آرمی چیف

General Qamar Javaid Bajwa

General Qamar Javaid Bajwa

راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان صحافیوں کے 9 رکنی وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

اس موقع پر افغان وفد سے گفتگو میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دشمن قوتوں کے پیدا کردہ منفی کردار کو ختم کرنے کے لیے میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

پاکستان میں دہشتگردوں کی کوئی پناہ گاہیں نہیں جو افغانستان کے خلاف استعمال ہوں۔ ہم نے تخریب کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی ہے۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ افغانستان ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے اور دہشتگر ہمارے مشترکہ دشمن ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کے لیے الزام تراشیوں کے بجائے باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی بہتر حکمت علی کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف نے پاک افغان بارڈر پر بہتر بارڈر مینجمنٹ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان نے موثر اقدامات کیے ہیں جبکہ نئے قلعے اور چیک پوسٹیں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں۔ بہتر بارڈر مینجمنٹ کیلئے باڑ لگائی جا رہی ہے۔

افغان وفد نے آرمی چیف کا ملاقات کے لیے وقت دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتیں ایک دوسرے کو سمجھنے کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں۔