پاکستانی کرنسی نوٹ بیرون ملک لیجانے کی حد میں اضافہ

State Bank

State Bank

کراچی (جیوڈیسک) اسٹیٹ بینک نے فی شخص ایک دورے میں پاکستانی کرنسی نوٹوں کو بیرون ملک/ اندرون ملک نقد لے جانے کی حد پر نظرثانی کر دی ہے ، مرکزی بینک سے منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ممالک کیلئے (علاوہ بھارت) بیرون ملک/ اندرون ملک نقد لے جانے کی حد کو بڑھا کر 10ہزارروپے کر دیا گیا ہے جبکہ بھارت کے معاملے میں حد بڑھا کر 3ہزار روپے کر دی گئی ہے ،نقد لے جانے کی مذکورہ بالا حدود کا مقصد دیگر کے علاوہ بین الاقوامی مسافروں کی پاکستان واپسی پر ان کے فوری اخراجات کو پورا کرنا ہے۔

قبل ازیں کسی بھی شخص کو پاکستان سے کسی بھی ملک (علاوہ بھارت) کے ایک دورے پر 3,000روپے تک ساتھ لے کر جانے کی اجازت تھی جبکہ بھارت کیلئے یہ حد 500 روپے تھی، اسی طرح کوئی بھی شخص کسی ملک سے (علاوہ بھارت) پاکستان کے ایک دورے میں 3ہزار روپے جبکہ بھارت سے 500روپے تک ساتھ لا سکتا تھا،مذکورہ بالا نظرثانی مسافروں کو سہولت مہیا کرنے اور وقت گزرنے کے ساتھ اشیا و خدمات کی لاگت میں اضافے کے پیش نظر کی گئی ہے۔

پاکستانی کرنسی نوٹوں کو بیرون ملک لے جانے /لانے کی حدود میں اضافے سے بین الاقوامی مسافروں کی حقیقی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔