پالی کیلے ٹیسٹ میں سری لنکا کا پاکستان کو جیت کے لئے 377 رنز کا ہدف

Pak And SriLanka Test

Pak And SriLanka Test

پالی کیلے (جیوڈیسک) سری لنکا کی پوری ٹیم پالی کیلے ٹیسٹ کے چوتھے 313 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لئے 377 رنز درکار ہیں۔

پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو کپتان انجیلو میتھیوز 77 اور چندیمل 39 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹی وکٹ پر 117 رنز کی شراکت قائم ہوئی تو 278 کے مجموعے پر چندیمل 67 رنز بنانے کے بعد عمران خان کا شکار ہوگئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز دھمیکا پرساد بھی اگلی ہی گیند پر عمران خان کا شکار بننے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ تھرندو کشال 8 رنز ہی بنا سکے۔

لنکن کپتان پاکستانی بولروں کے سامنے مضبوط دیوار ثابت ہوئے اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 122 رنزبناکرآؤٹ ہوئے جب کہ سورنگا لکمل صفر رنز بنا سکے اور نوان پرادیپ 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے عمران خان نے 5، راحت علی نے 3، یاسر شاہ 2 اوراحسان عادل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ سری لنکا نے اپنی پہلے اننگز میں 278 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 215 رنز بنا سکی تھی۔