پیرس کی مئیر نے مظاہرین کی حمایت کا اعلان کر دیا

Anne Hidalgo

Anne Hidalgo

پیرس (جیوڈیسک) فرانس کے دارالحکومت پیرس کی مئیر Anne Hidalgo نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور خراب اقتصادی صورتحال کے خلاف مظاہرہ کرنے والے یلو جیکٹس کے مظاہرین کو حق بجانب قرار دیا ہے۔

ہیدال گو نے پریس کو بیان دیتے ہوئے وزیر داخلہ Christophe Castaner کی جانب سے مظاہرے کو ملتوی کرنے کی اپیل کے باوجود ہفتے کے روز پیرس میں ہونے والے مظاہرے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مظاہروں کے تشدد کے اختیار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مظاہروں پر پابندی لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیرس ، تمام فرانسیسیوں کا پیرس ہے۔ حکومت کے خلاف مظاہرے کرنے کا تمام باشندوں کو حق حاصل ہے۔ وزیر داخلہ کو اس کے مطابق ہی تمام ضروری حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر داخلہ نے کل سینٹ میں بیان دیتے ہوئے یلو جیکٹس والوں سے کسی قسم کا نیا مظاہرہ نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔

فرانس میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور خراب اقتصادی صورتِ حال کے خلاف 17 نومبر کو شروع ہونے والے یلو جیکٹس مظاہرے ملک میں حالیہ تاریخ کے پُرتشدد مظاہروں کا روپ اختیار کر گئے ہیں ۔

مظاہروں کے آغاز سے آج تک رونما ہونے والے واقعات میں تین افراد ہلاک 222 افراد زخمی جبکہ سیکیورٹی فورسز کے بھی 43 افراد زخمی ہوئے ہیں اور 424 افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے ۔