پی سی بی حفیظ کو دوبارہ آل راؤنڈر بنانے کیلیے بے تاب

Hafeez

Hafeez

لاہور(جیوڈیسک) پی سی بی محمد حفیظ کو دوبارہ آل رائونڈر بنانے کیلیے بے تاب ہے،لاہور میں بائیو مکینک لیب فعال بنانے کے بعد ماہرین بولنگ ایکشن کو قانونی حد میں لانے کیلیے کام کرینگے۔

ایک سالہ پابندی کی مدت مکمل ہوتے ہی 8جولائی کو چنئی لیب میں ٹیسٹ کیلیے بھجوایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن نومبر 2014 میں نیوزی لینڈ کیخلاف دبئی ٹیسٹ کے دوران مشکوک قرار دیا گیا تھا،اگلے ہی ماہ بازو کا خم 31ڈگری ریکارڈ کیے جانے پر انھیں پابندی کا سامنا کرنا پڑا، جنوری میں غیر رسمی ٹیسٹ میں بھی ان کے مسائل برقرار رہے، ورلڈ کپ 2015 سے قبل حفیظ انجری کا بھی شکار ہوئے اور پاکستان بطور بیٹسمین بھی ان کی خدمات سے محروم رہا، بولنگ ایکشن کی اصلاح کے بعد اپریل میں ٹیسٹ کلیئر کرنے کے بعد وہ ایک بار پھر بطور آل رائونڈر دستیاب ہوئے۔

جون میں سری لنکا کیخلاف گال ٹیسٹ کے دوران ایک بار پھر رپورٹ اور پابندی کا شکار ہوئے، ضابطے کے تحت اگر کوئی بولر 2 سال میں دوسری مرتبہ غیرقانونی بولنگ ایکشن کی زد میں آئے تو اس پر ایک سال کی پابندی عائد کر دی جاتی ہے، مدت پوری ہونے کے بعد محمد حفیظ اپنا ایکشن جولائی میں کلیئر کرا سکتے ہیں، مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ لاہور میں بائیو مکینک لیب کو فعال بنانے کیلیے تیزی سے پیش رفت جاری ہے، وہ جلد ہی کام شروع کردے گی۔ یہاں محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ ہوگا، ماہرین اسے قانونی حد میں لانے کیلیے کام کرینگے، اس کے بعد انھیں 8جولائی کو آئی سی سی کی منظور شدہ چنئی لیب میں ٹیسٹ کیلیے بھجوایا جائے گا۔

یاد رہے کہ محمد حفیظ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں انجرڈ ہونے کے بعد فیصل آباد میں شیڈول پاکستان کپ کے مقابلوں میں بھی شریک نہیں ہو سکیں گے۔