پیمرا کی جانب سے بھارتی چینلز پر پابندی خوش آیند ہے، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے بھارتی ٹی وی چینلز کی بندش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا کا اقدام اچھا ہے تاہم اس پر عملدرآمد کرایا جائے ،موجودہ زمانے میں معاشرہ سازی میں میڈیا کا کردار اہمیت کا حامل ہے ، پیمرا چینل مالکان کو بامقصد تفریحی واصلاحی پروگرام پیش کرنے کا بھی پابندبنائے ، ٹی وی چینلز مالکان اشتہارات وریٹنگ کی جنگ کو اس کی حدود تک محدود رکھیں۔

دنیا کے عارضی فوائد کیلئے نظریات کا سودا کرنے والے سراسر گھاٹے کا سودا کررہے ہیں، بدھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ پیمرا کی جانب سے بھارتی ٹی وی چینلز کی بندش ایک اچھا اقدام ہے تاہم اس کے ساتھ ملکی ٹی وی چینلز کو بھی فحاشی ، عریانی اور مغربی کلچر کے فروغ پر پابندی عائد کی جائے ، انہوں نے کہاکہ مغربی کلچر اور عریانیت نوجوان نسل کی تباہی کا باعث ہے آج ہمارا معاشرہ انتشار اور افراتفری کا شکار ہے اور مسلمان اپنی روایات اور اسلامی تعلیمات سے دور ہورہے ہیں ، طلبہ وطالبات تعلیم سے دور ہورہے ہیں ، اولادیں والدین کی نافرمان قتل و عصمت دری اور خودکشی کے واقعات معمول بن چکے ہیں ،ایسے حالات میں والدین کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی اچھی تربیت کیلئے حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد کے متعلق بھی اسلامی تعلیمات کو عام کریں ،اور بچوں کو والدین کے مقام ومرتبہ سے متعلق احکامات سے آگاہ کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ معاشرے کی درستگی میں میڈیا اہم رول ادا کرسکتاہے ، فحاشی اور عریانی اور مغربی کلچر کو فروغ دینے والے شوز ، ڈراموں پر پابندی ہونی چاہیے، انہوں نے کہاکہ اسلام اور شعائر اسلام کا مذاق اڑانے ، اس کی توہین کرنے اور کھلے عام فحاشی پھیلانے والوں کو مذہبی پروگراموں کی میزبانی دینا بالواسطہ مذہب کی توہین ہے، دنیا کے عارضی فوائد کیلئے نظریات کا سودا کرنے والے سراسر گھاٹے کا سودا کررہے ہیں۔