کسی کو این آر او دیا گیا تو عوام کو لے کر اسلام آباد پہنچ جاؤں گا: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اوباڑو (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگ جاگ گئے ہیں، آپ سے وعدہ لینے آیا ہوں کہ جن کا کاروبار پاکستان میں نہیں ان کو ووٹ نہ دیں، نواز شریف اور زرداری کرپشن کے گاڈ فادر ہیں، نواز شریف کے 300 ارب روپے بیرون ملک پڑے ہیں، زرداری کی دبئی، پیرس، لندن اور نیویارک میں جائیدادیں ہیں، آصف زرداری کا لندن میں ہوٹل ہے، سندھ کے لوگ سارے پاکستان سے پیچھے رہ گئے ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ شریف خاندان کا علاج پاکستان میں نہیں ہوتا، ان کا سب کچھ پاکستان سے باہر ہے، میں نے 20 سال باہر کمائی کی، آج میرا سارا پیسہ پاکستان میں ہے، میرا کوئی بینک اکاؤنٹ، گھر یا فلیٹ پاکستان سے باہر نہیں، جاپان دوسری جنگ عظیم میں تباہ ہو گیا تھا، تباہی کے 10 سال بعد جاپان پھر کھڑا ہو گیا، جاپان میں کرپٹ لوگوں کا سوشل بائیکاٹ کیا جاتا ہے، جاپان میں کرپشن کے الزام میں پکڑے گئے وزیروں نے خودکُشی کی لیکن یہاں کرپٹ آدمی کو کچھ لوگ جھک کر ملتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگوں کا خون ان چوروں نے چوسا، آپ نے ان ڈاکوؤں کا سوشل بائیکاٹ کرنا ہے، زرداری کو موت کا اتنا ڈر ہے کہ گھر سے باہر نہیں نکلتا، سندھ میں تعلیم، صحت اور سکیورٹی کا نظام تباہ ہو چکا، جو عوام کا پیسہ چوری کرتا ہے ان کا سوشل بائیکاٹ کرنا ہے، وزیر اعظم کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ کیا بڑا ڈاکہ مار کر 40 گاڑیوں کا پروٹوکول ملے گا؟

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ باہر سرکاری ہسپتال میں امیر اور غریب میں کوئی فرق نہیں ہوتا، بیرون ممالک انسانوں کی قدر ہے، برطانیہ میں پاکستان کے مقابلے میں بہت کم وسائل ہیں، برطانیہ کی سالانہ آمدن 50 مسلمان ملکوں کی آمدنی کے برابر ہے، انسانیت کی قدر کی وجہ سے برطانیہ پر اللہ کا فضل ہے، برطانیہ میں بیروزگاروں کو حکومت روزگار دیتی ہے، اگر میں شہباز شریف ہوتا تو اشتہاروں میں ہوتا، لوگ شوکت خانم جا کر دیکھیں کہ میں سچ کہہ رہا ہوں یا نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ چین نے 3 سال میں 313 وزیروں کو کرپشن پر پکڑا، آج قومیں نواز اور زرداری جیسے حکمرانوں کی وجہ سے غریب ہیں، کرپشن پر قابو پانے تک ملک ترقی نہیں کرتا، اب کسی کو کوئی این آر او نہیں ملے گا، این آر او دیا گیا تو عوام کو لے کر اسلام آباد پہنچوں گا، قوم کسی این آر او کو برداشت نہیں کرے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بولے، شہباز شریف غلط فہمی میں نہ رہیں، اب کسی کو کوئی این آر او نہیں ملے گا، این آر او دیا گیا تو عوام کو لے کر اسلام آباد پہنچوں گا، قوم کسی این آر او کو برداشت نہیں کرے گی، زرداری دور میں ہر پاکستانی پر 35 ہزار کا قرض تھا، اب ہر پاکستانی 1 لاکھ 24 ہزار کا مقروض ہے، مقروض ہونے کی وجہ پیسے کا کرپٹ لوگوں کی جیبوں میں جانا ہے، سب سے زیادہ پیسہ میں اکٹھا کرتا ہوں، وعدہ کرتا ہوں کہ پاکستانیوں سے سالانہ 8 ہزار ارب روپے اکٹھے کر کے دکھاؤں گا، قرض نہیں لوں گا، میں قوم کو اعتماد دوں گا کہ آپ کا پیسہ آپ پر خرچ ہو گا، پیسہ لوگوں کی تعلیم، صحت اور سکیورٹی پر خرچ کیا جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کے پی پولیس میں سیاسی مداخلت نہیں اس لئے شفاف ہے، اپنے دور میں فضول خرچیاں ختم کریں گے، اگلے 5 سال آپ کو زرداری راج میں نہیں گزارنے دوں گا، سندھ کے ہر گاؤں میں جاؤں گا اور لوگوں کو جگاؤں گا، اپنے دور میں سارے گورنر ہاؤسز بند کراؤں گا، عوام کے ٹیکس پر شاہ خرچیاں نہیں ہوں گی، نئے پاکستان میں طاقتور کسی کمزور پر ظلم نہیں کر سکے گا، ساری پالیسیاں کمزوروں اور نوجوانوں کیلئے بنائیں گے، زرداری نے کہا کہ عمران خان کا سارا خاندان شوکت خانم پر پل رہا ہے مگر میں اس سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہر کوئی زرداری کی طرح پیسے کا بھوکا نہیں ہوتا، سب کو زرداری کی طرح پیسے کی حوس نہیں ہوتی۔