عوام کو دہشتگردی، توانائی بحران، کرپشن، غربت، بدامنی اور بیروزگاری سے نجات دلائی جائے

کراچی : پاکستان کے عوام بدترین صورتحال سے دچار ہیں ایک جانب توانائی بحران کے باعث صنعت و تجارت اور کاروبار تباہ ہو چکا ہے اور عوام مفلوک الحالی و فاقہ کشی سے دوچار ہیں تو دوسری جانب دہشتگرد، مختلف مافیاز اور و جرائم پیشہ عناصر سیاسی سرپرستی حاصل کرکے ان کی زندگی کو مزید عذاب بنائے ہوئے ہیں جبکہ سیاست میں کرپشن کی روایت ختم ہونے کی بجائے بڑھتی ہی جا رہی ہے اور بجٹ خسارے سے نجات کیلئے عوام پر ٹیکسز کا بوجھ لادنے کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔

معروف سیاسی و سماجی رہنما اور حلقہ پی ایس 128 لانڈھی سے سابقہ صوبائی امیدوار محمد رئیس نے موبائل صارفین پر ٹیکس اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لادکر روایتی سیاست و روایتی حکمرانی کا مظاہرہ کرنے کی بجائے پاکستان و عوام کو دہشت گردی سے نجات، توانائی بحران کے حل، کرپشن کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی کے وہ تمام وعدے پورے کریں جو انہوں نے انتخابات سے قبل عوام سے کئے تھے کیونکہ اب عوام میں اتنی سکت نہیں ہے کہ وہ حکمرانوں اور سیاستدانوں کی بد اعمالیوں کا بوجھ مزید اٹھا سکیں۔