شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 140 واں یوم پیدائش آج منایا جائے گا

Allama Muhammad Iqbal

Allama Muhammad Iqbal

لاہور (جیوڈیسک) 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں آنکھ کھولنے والے علامہ محمد اقبال نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر سیالکوٹ میں حاصل کی اور پھر لاہور کا رخ کیا۔ 1899 میں ایم اے کرنے کے بعد اورینٹل کالج میں شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ہوئے اور اس دوران شاعری بھی جاری رکھی۔

علامہ اقبال نے 1905 میں برطانیہ چلے گئے، جہاں پہلے انھوں نے کیمبرج یونیورسٹی ٹرنٹی کالج میں داخلہ لیا اور پھر معروف تعلیمی ادارے لنکنزاِن میں وکالت کی تعلیم لینا شروع کر دی بعد ازاں بعد وہ جرمنی گئے اور میونخ یونیورسٹی سے انہوں نے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

ڈاکٹر محمد اقبال نے 1910 میں وطن واپسی کے بعد وکالت کے ساتھ سیاست میں بھی حصہ لینا شروع کیا اور اپنی شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پر منتشر مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا۔ 1934 کو مسلم لیگ کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے رکن بنے تاہم طبیعت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ قیام پاکستان سے 9 برس قبل 21 اپریل 1938 کو لاہور میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

مفکر پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہو گی۔