وزیر اعظم کے خلاف نااہلی کی درخواست دائر

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کے سابق جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سیاسی جماعت پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی نے لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم نواز شریف کے نااہلی کے درخواست جمع کرادی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لندن میں موجود اثاثے ظاہر نہ کرنے پر وزیراعظم ’صادق اور امین‘ نہیں رہے۔

وزیراعظم نوازشریف کی اہلیت کے خلاف درخواست جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے مدثر چوہدری ایڈووکیٹ کے توسط سے جمعہ کے روز جمع کرائی گئی ہے۔

مدثر چوہدری کے مطابق رٹ پٹیشن سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی مشاورت سے جمع کرائی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف آئین کے آرٹیکل 63 کی دفعہ 2 پر پورا نہیں اترتے کیونکہ انھوں نے اپنی لندن کی جائیداد اپنے گوشواروں میں ظاہر نہیں کی۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے لیے سپیکر قومی اسمبلی کے پاس ریفرنس دائر کیا مگر سپیکر نے ان کی کوئی شنوائی نہیں کی اور ریفرنس پر اعتراض لگا کر واپس کردیا۔

درخواست میں ہائی کورٹ سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ وزیراعظم کے خلاف جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کا ریفرنس واپس کرنے کے احکامات کو بھی کالعدم قرار دیا جائے اور آئین کے آرٹیکل 63 کی دفعہ 2 پر پورا نہ اترنے پر نوازشریف کو نااہل قرار دیا جائے۔

ساڑھے چار سو سے زائد صفحات پر مشتمل درخواست میں وزیراعظم نوازشریف، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور وفاقی حکومت کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔