وزیر اعظم کی لاہور کے جناح اسپتال میں زخمیوں کی عیادت

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے ایک بار پھر بچوں کو نشانہ بنایا ہے،وہ اپنا انجام دیکھ کر بزدلانہ وار کر رہے ہیں ،قوم اپنے اتحاد سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی۔

لاہور کے جناح اسپتال میں وزیراعظم نوازشریف نے گلشن اقبال پارک کے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی، انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

اس موقع پر وزیرداخلہ چودھری نثاربھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اپنا انجام دیکھ کر بزدلانہ کارروائیاں کر رہے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام تک آپریشن ضربِ عضب جاری رہے گا۔

اس سے پہلے وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق نواز شریف کا کہنا تھا کہ سانحہ لاہور پر ان کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے، ان کے بچوں، بچیوں بہن بھائیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ان کا کہناتھاکہ ملک اس وقت قومی یکجہتی کا متقاضی ہے ، بحیثیت قوم تمام تفرقات سے آزاد ہوکر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے۔