وزیراعظم 16 مئی کو پارلیمنٹ آجائیں گے ناں؟؟

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

تحریر : محمد اعظم عظیم اعظم
لیجئے، وزیراعظم نوازشریف بھی پاناما پیپرز لیکس پر اپنے لاولشکرکے ہمراہ آستینیں چڑھاکر اپوزیشن کے سامنے سیاسی اکھاڑے میں آن کھڑے ہوئے ہیں، اور اُنہوں نے بھی اپنی خصلت اور فطرت کی قید کی تمام دیواریں گراتے ہوئے اپوزیشن کا جواب دینے کے لئے اِسی کی سخت زبان کی طرح سخت اور زہریلی زبان استعمال کرناشروع کردی ہے۔ گزشتہ دِنوں جس کا پہلا مظاہرہ ا ُس وقت دیکھنے ، سُننے اور پڑھنے کو ملا جب ضرورت سے کہیں زیادہ اپنے پرائے ، دوست اور دُشمن سے نرم زبان استعمال کرنے والے ہمارے خالصتاََ بزنس مائنڈ وزیراعظم نوازشریف نے تاجکستان سے واپسی پر طیارے میں میڈیاپرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے کچھ یوںکہاکہ”حزبِ اختلاف کا ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ نہیں(ایسانہیں ہے جیساآپ سوچ اورکہہ رہے ہیں بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اپوزیشن سمیت ساری قوم ہی مُلک سے کرپشن کا جڑ سے خاتمہ چاہتی ہے۔

مگر ساتھ ہی سب یہ چاہتے ہیں کہ کرپشن کی خاتمے کی ابتداءآپ اور آپ کے گھر سے ہو )، میراپیچھاکرناہے،(کیونکہ آپ پانامالیکس کی حقائق قوم سے چھپارہے ہیں اِس لئے اپوزیشن اور قوم آ پ کا پیچھاکررہی ہے) اپوزیشن کے سوالوں کے جواب پارلیمنٹ میں نہیں عدالتی کمیشن میں دیں گے، (اَب کمیشن بنے گا توآپ کمیشن میں دیں گے آپ چیف جسٹس کے خط میں مانگی گئیں دستاویزات دے دیں تو ضرور کمیشن بن جائے گا ورنہ تو بہت مشکل ہے )اسمبلی کی بات اسمبلی کمیشن کی بات کمیشن میں ہوگی،(کیوں پہلے تو بقول آپ کے پارلیمنٹ سُپریم ہے اور قانون ساز عوامی ادارہ ہے ملکی اور قومی مسائل سے متعلق ہر قسم کی بات یہیں ہونی چاہئے اور پارلیمنٹ کا ہر فیصلہ سب کو ماننا ہوگا اَب جب اپنے پر آئی تو وزیراعظم ایوان میں آنے اور اپنے متعلق بات کرنے سے ہی منہ چرارہے ہیں کیوں۔۔۔؟؟؟اَب وزیراعظم پارلیمنٹ کو سُپریم ماننے کو کیوں تیارنہیں ہیں۔

اَب وزیراعظم نے سُپریم پارلیمنٹ کی حیثیت کو سُپریم چائے کی پتی کی طرح کیوں چوراچوراکرکے رکھ دیاہے؟؟ ) سیاستدان کمیشن بننے کی کوشش نہ کریں،(جب آپ ایوان میں نہیں آئیں گے اور کمیشن بنانے کے ذمہ داران اپنے تحفظات کا کھلا اظہارکردیں گے تو پھر سیاستدان ہی کیا ساری پاکستانی قوم بھی کمیشن بننے کی کوشش کرے گی بلکہ 20کروڑ میں سے ہر محب ِ وطن پاکستانی شہری کمیشن بن جائے گا) اوروزیراعظم کامزید یہ بھی کہنا تھاکہ ”بعض لوگوں کو شروع دن سے نوازشریف قبول نہیں،(جی ہاں سب کو پتہ تھاکہ آپ اپنے تیسرے دورِ اقتدار میں مُلک اور قوم کو جمہوریت کی بقا کا نعرہ لگاکر قومی منافع بخش اداروں کو اپنے من پسندکاروباری افراد کے ہاتھوں کوڑیوں کے دام فروخت کرکے قومی معیشت اور اقتصادیات کے ساتھ ساتھ قوم کا بھی ستیاناس کردیںگے۔

Police Training

Police Training

قومی اداروں سے سیاسی بنیادوں پر بھرتی کئے جانے والے ملازمین کو اپنی کاروباری خصلت کی وجہ سے نکال باہر کریں گے اور قومی خزانے سے مُلک سے قومی دولت اپنے خاندان کے افراد کے نام منتقل کرواکرباہر لے جائیں گے اور آف شورکمپنیاں قائم کرلیں گے اِس وجہ سے بعض لوگ تو کیا ساری پاکستانی قوم ہی وزیراعظم صاحب آ پ کو قبول کرنے تو تیا ر نہ تھی )منفی سیاست مُلک کے لئے زہر قاتل بن گئی ،(ہاں وزیراعظم صاحب، آپ کی ساری باتوں میں بس یہی ایک بات سچ اور حق ہے جو آپ کے منہ سے اتفاقاََ نکل گئی ہے ورنہ تو۔۔۔) اِن کا کہناتھاکہ” دلی خواہش ہے کہ کمیشن جلد بن جائے،(ہائے ہر خواہش کبھی کسی کی پوری نہیں ہوئی ہے اور آپ کی یہ خواہش بھی محض خواہش ہی رہ جائے گی) پاناماپیپرزلیکس پر چیف جسٹس کو خط لکھ دیاہے، (چیف جسٹس صاحب ، نے بھی آپ کے خط کا جواب کس طرح سے دیاہے وزیراعظم صاحب،آپ نے وہ بھی پڑھ لیاہوگا تو اَب کمیشن بنانے اور کمیشن کے سامنے آ پ کے جواب دینے والی بات بھی ختم ہوگئی ہے)۔

بہرحال ،اَب جبکہ کے چیف جسٹس صاحب نے بھی حکومتی خط کا جواب دے دیاہے اور اُنہوں نے اپنے خط میں جن نکات کی جانب اشارے دیئے ہیں اَب اِس کے بعد تو بس ایک یہی راستہ رہ جاتاہے کہ وزیراعظم نوازشریف وقت ضائع کئے بغیر جس قدرجلد ممکن ہوسکے پاناماپیپرزلیکس کے سرچڑھتے طوفان کو مزید خطرناک ہونے سے بچانے کے لئے جلدازجلد ایوان میں آئیں اور اپوزیشن کے سوالات کے جوابات بھی دیں اور ساتھ ہی پاناماپیپر زلیکس پر اپنی صفائیاں اور توجہات بھی پیش کرکے سارے معاملے کو نمٹائیں ورنہ اِنہوں نے ایسانہ کیا تو ممکن ہے کہ اپوزیشن اور کوئی اور مل کرپاناما لیکس کے معاملے کو کسی اور نظر سے دیکھیں اورپھر حالات کہیں کے کہیں نکل جائیں۔

اگرچہ اِس میں شک نہیں کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے موجودہ اور پچھلے دورِ اقتداروں میں ہمیشہ پارلیمنٹ کو سُُپریم گرداننے کی مالاچپی ہے یہاں میں واضح کرتاچلوں کہ پاناما پیپر لیکس کے ایشو اور دھماکہ ہونے سے پہلے بھی وزیراعظم نوازشریف کی ایک یہی رٹ باکثرت رہی تھی کہ پارلیمنٹ توسُپریم ہے ، سب کے ہر معاملے کے ملکی مفادات سے متعلق ذاتی اور سیاسی فیصلے یہیں ہونے چاہیئں اورجب کسی کے معاملے میں پارلیمنٹ جو اور جیسے بھی فیصلے کرے اِسے تو سب ہی کو تسلیم کرناچاہئے کیونکہ پارلیمنٹ سُپریم ہے۔

Panama Leaks

Panama Leaks

مگر افسوس ہے کہ اِن دِنوں جب وزریراعظم نوازشریف کو پاناماپیپرزلیکس کے معاملے پر اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ آنے اور صفائیاں پیش کرنے اور اپنے سوالات کے جوابات چاہنے کے لئے اپنازورلگاکر دعوتیں دے رہی ہے تو آج ہمارے یہی وزیراعظم نوازشریف ہیں جو پہلے ہی ایوان میں آنے سے کتراتے رہے ہیں اَب توایسالگتاہے کہ جیسے وزیراعظم پاناما لیکس کے معاملے پر ایوان میں نہ آنے اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات نہ دینے کا تہیہ کرچکے ہیں اور قوی امکان ٰہے کہ جیسے دیدہ اور دانستہ طور پر وزیراعظم اور اِن کی پارٹی کے کرتادھرتاو ¿ں نے یہ منصوبہ بنالیا ہے کہ اپوزیشن چاہئے لاکھ زور لگالے اور چاہئے جیسے بھی حربے استعمال کرلے وزیراعظم نوازشریف پاناماپیپرزلیکس کے معاملے پر اپنی صفائیاں پیش کرنے کے لئے کسی بھی صورت میں پارلیمنٹ نہیں آئیں گے، چاہئے کوئی اِنہیںسیاسی شہید ہی کیوں کہ بنادے ؟؟ مگر وزیراعظم کم ازکم اپوزیشن کی ضد اوراِس کے کہنے پر تو ایوان میں پاناما پیپرز لیکس کے حوالے سے کسی بھی صورت میں نہیں آئیں گے،اَب جبکہ چیف جسٹس نے بھی کمیشن کے معاملے پر اپنے تحفظات کے ساتھ حکومت کو خط لکھ دیاہے اَب ایسے میں کیا وزیراعظم کو خود پارلیمنٹ میں آنے کا فیصلہ نہیں کرناچاہئے۔

جبکہ اُدھر حکومت نے جمعہ13مئی کو وزیراعظم نوازشریف کی ایوان میں آنے کے پروگرام کو منسوخ کردیاتھامگر اَب یہی اُمیدکی جارہی ہے کہ وزیراعظم نوازشریف اپنے وزراءاور پارٹی کے عہدیداران سے مل رہے ہیں جن کے آپس میں صلح مشورے کے بعد یہی کوشش ہے کہ اَب 16مئی کو ایوان میں وزیراعظم نوازشریف جائیں گے ہاں البتہ، اِس حوالے سے خبریہ بھی ہے کہ ایوان میں حاضری سے قبل اپوزیشن رہنمابالخصوص سابق صدراور پاکستان پیپلرزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے خفیہ رابطہ کرنے کے لئے مولانافضل الرحمان کو ذمہ داری دی گئی تھی کہ وہ اپنی سیاسی بیماری کی غرض سے خودساختہ جلاوطن ہونے والے پی پی پی کے آصف علی زرادری سے فوری رابطہ کریں اوراِنہیں پانامالیکس پر مفاہمتی پالیسی اپنانے پر زوردیں۔

یوں حکومت کی جانب سے یہ پیغام ملتے ہی مولانا فضل الرحمان (اَب جن کا کام ہی حکومت سے کچھ لو اور کچھ دو جیساہوگیاہے اور اَب جو ایسے ہی حکومتی کاموں کے لئے چُن لئے گئے ہیں اگر یہ حکومت کے ساتھ ملے رہے اور ایسے ہی کام کرتے رہے تو کوئی شک نہیں کہ یہ لولی لنگڑی جمہوریت بھی بہت جلد کسی کے ہاتھوں دیوار میں چُن دی جائے گی بہرکیف، اُنہوں)نے فوراََ آصف علی زرداری سے رابطہ کیا اور اِنہیں راضی کیاکہ وہ پانامالیکس پر مفاہمتی پالیسی کو اپنائیں جس کاجواب پی پی پی کے ایوان میں قائد حزبِ اختلاف خورشید شاہ کی جانب سے یوں آیا ہے کہ” وزیراعظم پیر16مئی کو ایوان میں آئیں یہ اِس کی ضمانت لیتے ہیں کہ ایوان میں کہیں سے بھی ” گونوازگو“ کا نعرہ نہیں لگایا جائے گااور وزیراعظم نوازشریف کے مرتبے اور منصب کا احترام کیا جائے گایوں پی پی پی کی جانب سے حوصلہ افزاءمفاہمتی جواب آنے کے بعد ہی سے وزیراعظم نوازشریف اپنے وزراءاور پارٹی رہنماو ¿ں سے سیاسی پہاڑے یاد کرنے اور مِٹھوبیٹے کی طرح و ہ سب کچھ پڑھنے میںلگ گئے ہیں جیساکہ اِن کے ساتھی اِنہیں پرھارہے ہیں اور باربار یاد کرواکررٹارہے ہیں اِس پر بھی اَب دیکھتے ہیں کہ پانامالیکس پر ڈرے سہمے اور گھبرائے ہوئے ہمارے وزیراعظم نوازشریف 16مئی کو بھی پارلیمنٹ میں آتے ہیں کہ پھر کوئی چکمہ دے کراور کنی کٹاکر اِدھر اُدھر کے کسی ایک دوروزہ دورے پرنکل جانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

Azam Azeem Azam

Azam Azeem Azam

تحریر : محمد اعظم عظیم اعظم
azamazimazam@gmail.com